وزیراعظم عمران خان سے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا ٹیلیفونک رابطہ

عالمی برادری کو افغانستان کے لوگوں کی مدد کے لیے مثبت طور پر کردار ادا کرنا چاہئے، وزیر اعظم عمران خان


ویب ڈیسک August 25, 2021
عالمی برادری کو افغانستان کے لوگوں کی مدد کے لیے مثبت طور پر کردار ادا کرنا چاہئے، وزیر اعظم عمران خان۔(فوٹو: فائل)

KARACHI: وزیراعظم عمران خان سے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دو طرفہ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر بات کی.

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں افغانستان کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کے لوگوں کی مدد کے لیے مثبت طور پر کردار ادا کرنا چاہئے۔

روسی صدر سے گفتگو میں وزیر اعظم نے کہا کہ افغانوں کے جان و مال، حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایک جامع سیاسی تصفیہ آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے، عالمی برادری کو افغانستان میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے افغانستان کی بدلتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاک روس تعلقات کے فروغ کی کوششوں، پاک روس اعلی سطح کے تبادلے اور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ اور پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے میبں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے شنگھائی کے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دوبارہ دعوت بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔