پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیا جائے

سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی ہوئی جس سے قومی آمدنی میں بھی کمی واقع ہوئی

سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی ہوئی جس سے قومی آمدنی میں بھی کمی واقع ہوئی. فوٹو: رائٹرز/فائل

عالمی نیوز ایجنسی کی ایک خبر کے مطابق اسپین کو سال گزشتہ کے دوران سیاحت کے شعبے میں 81 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی، چھ کروڑ ساٹھ لاکھ غیر ملکی سیاحوں نے اسپین کا سفر کیا، سیاحت کا شعبہ دنیا ایک انتہائی اہم صنعت کا درجہ حاصل کر چکا ہے اور بعض ممالک کی مجموعی قومی آمدنی کا بڑا ذریعہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد سے حاصل ہوتا ہے۔ پاکستان بھی وادی سندھ کی عظیم تہذیب کا علمبردار ملک ہے۔ موہن جو دڑو، ہڑپہ، کوٹ ڈیجی اور مہرگڑھ کے قبل مسیح کی تاریخ کے نشانات جہاں ہمارا عظیم تاریخی ورثہ ہے وہی یہ انسانی تاریخ کے متلاشی اور آثار قدیمہ کے دیوانوں کے لیے کشش کا باعث ہے۔ ہمالیہ، کوہ قراقرم اور کوہ ہندوکش کے عظیم پہاڑی سلسلے اور ان کی چوٹیاں کوہ پیمائوں کے لیے بے پناہ کشش رکھتی ہیں، شمالی علاقہ جات، وادی سوات، مری جیسے مقامات ہوں یا کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور جیسے شہر یہ اپنے اندر ایک بھرپور کشش رکھتے ہیں۔


پندرہ برس قبل کے اعداد و شمار کے مطابق ایک سو گیارہ ملین کی آمدنی لاکھوں سیاحوں کی آمد سے ہوئی تھی لیکن شومئی قسمت نائن الیون کے بعد ملک میں دہشت گردی کی جو لہر آئی اس نے ہماری سیاحت کی صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی ہوئی جس سے قومی آمدنی میں بھی کمی واقع ہوئی۔ پاکستان دنیا کے خوبصورت ملکوں میں سے ایک ہے اور اس میں سیاحوں کے لیے بے پایاں کشش موجود ہے، سورہ رحمن کی عملی تفسیر ہے، رب کائنات کی عطا کردہ تمام نعمتیں اس سرزمین میں موجود ہیں۔ یہ ملک تو صحراء، سمندر، دریائوں، پہاڑوں، سرسبز شاداب کھیتوں اور ریگستانوں کا ملک ہے، چاروں موسم تو جوبن پر آتے ہیں، پہاڑوں پر برف بھی گرتی ہے اور قیامت خیز گرمی بھی پڑتی ہے، خزاں بھی ہے اور بہار کے تہوار بھی۔ دہشت گردی کی لہر کے باوجود اقوام عالم کے سیاح پاکستان آنا چاہتے ہیں ہمیں محکمہ سیاحت کی کارکردگی کو بڑھانا اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا تا کہ ہماری ملکی معیشت کو سہارا مل سکے۔
Load Next Story