امریکی صدر جوبائیڈن کابل میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر آبدیدہ ہوگئے اور دہشت گردوں سے بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی صورتحال پر امریکی صدرجوبائیڈن نے خطاب کیا، امریکی صدر نے کابل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت پرآبدیدہ ہوگئے۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حملہ آوروں کوہرگزمعاف نہیں کریں گے، ہم یہ حملہ کبھی نہیں بھولیں گے، کابل دھماکوں میں ہلاک ہونے والے ہمارے ہیروز ہیں، جنہوں نے حملہ کیا وہ اس کی قیمت چکائیں گے اور ہم انہیں طاقت سے جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انخلاکا مشن انتہائی خطرناک ہے، ہم اس مشن کوہرحال میں مکمل کریں گے جب کہ وہاں موجودہمارے کمانڈر انخلا کے مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔
صدرجوبائیڈن کا کہنا تھا کہ داعش کے دہشت گرد کامیاب نہیں ہوسکتے، امریکی ہیروز نے اچھے مقصد کے لیے اپنی جان دی، ہم دہشت گردوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے بلکہ اپنا مقصد حاصل کریں گے اور تمام امریکیوں اوراتحادیوں کاانخلامکمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنےمقصد کے حصول کے لیے درکار ہرقدم اٹھائیں گے، جس طرح طے کیا ہے انخلا کا مشن مکمل کریں گے، انہوں مزید کہا کہ افغان فورسز کا 11 دن میں ہی ہتھیارڈال دینا، طالبان کے لیے فائدہ مندرہا لہٰذا افغانستان میں مزیدامریکی فوجی بھیجنے پڑے تو بھیجیں گے۔
صدر جوبائیڈن نے کہا کہ مقررہ وقت میں زیادہ سے زیادہ امریکیوں کے انخلاکی کوشش کریں گے، انخلا کی ڈیڈلائن کے بعد رہ جانے والوں کونکالنے کی پوری کوشش کریں گے، افغانستان سےنکلنے والوں کوہرسہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں طالبان کیسےایئرپورٹ کوکھلارکھیں گے۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے مزید کہا کہ سابق امریکی صدر نے طالبان سے معاہدہ کیا تھا مئی تک افغانستان سے امریکی فوجیوں کونکال لیں گے تاہم انخلاکی تاریخ میں توسیع نہیں کرناچاہتے جب کہ طالبان سے معاہدہ ہوا تھا وہ امریکیوں پر حملہ نہیں کریں گے۔
انہوں واضح کردیا کہ کہ افغانستان میں داعش اورطالبان کے گٹھ جوڑ کے شواہد نہیں ملے لہٰذا وقت آگیا کہ 20سال سے جاری طویل جنگ کو ختم کیاجائے۔