برطانیہ کی نئی سفری پابندیاں پاکستان بدستور ریڈ لسٹ میں شامل

پاکستان سے ہر ہفتے آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے

پاکستان ہائی کمیشن اور پاکستانی نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی لابنگ کسی کام نہیں آئی، فوٹو: فائل

برطانیہ کی سفری پابندیوں پر جائزے کے بعد جاری کی گئی نئی ہدایات میں بھی پاکستان کو بدستور ''ریڈ لسٹ'' میں رکھا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے کورونا وبا کے باعث اپنی سخت سفری پابندیوں کا جائزہ لیا اور کچھ نرمی کے بعد نئی فہرست جاری کی گئی ہے تاہم اس فہرست میں بھی پاکستان کو ''ریڈ لسٹ'' میں رکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی ہائی کمیشن اور پاکستانی نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے کئی ہفتوں سے لابنگ بھی کی تھی لیکن اس کے باوجود سفری جائزے میں پاکستان کے معاملے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔


برطانیہ کے اس فیصلے پر پاکستانی ہائی کمیشن اور ارکان پارلیمنٹ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ریڈ لسٹ میں برقرار رہنے کے باعث اب پاکستان سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو ہوٹل میں 10 دن کے لیے اپنے خرچے پر لازمی قرنطینہ کرنا ہوگا۔ 10 دن ہوٹل میں قیام کا مطلب 2 ہزار 250 پاؤنڈز کا اضافی خرچہ ہے۔

دوسری جانب برطانیہ کا دعویٰ ہے کہ پاکستان سے آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ تعداد تشویشناک ہے۔ اسی لیے پابندی برقرار رکھی گئی ہیں۔
Load Next Story