افغان حسینہ آریانا آئم کی پہلی فلم ’’ہارٹ لیس‘‘ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

فلم میں کام کرنےکا کبھی سوچا نہیں تھا، اسکرپٹ پڑھ کر آمادہ ہوگئی، ، آریانا آئم

’’اینستھیزیا‘‘کے مریض پربنائی گئی فلم کے ہیروآدھیان ،دیپتی ناول اوراوم پوری اہم کرداروں میں ہیں، فلم 7فروری کو ریلیز ہوگی ۔ فوٹو : فائل

افغان حسینہ آریانا آئم (Ariana Ayam )کی پہلی فلم ''ہارٹ لیس'' تکیمل کی آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے اطلاعات کے مطابق اداکار شیکھر ثمن کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی فلم کی ایڈیٹنگ کا کام مکمل کیا جارہا ہے دوسری طرف فلم کی تشہری مہم بھی جاری ہے ۔

فلم میں اداکارہ آریانا آئم کے ساتھ ادھیان سمن مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ شیکھرثمن ، دیپتی ناول ، اوم پوری اور مدن جان بھی اہم کرداروں میں ہیں ۔ ہالی ووڈ کی فلم ''اویک'' سے متاثر ہوکر بنائی جانیوالی فلم ایک مرض ''اینستھیزیا ''(Anesthesia ) جس میں مریض اپنے جسم کو کسی قسم کی حرکت نہیں دے سکتا مگر اسے یہ سب معلوم ہوتاہے کہ اس کے اردگرد کیا کچھ ہورہا ہے اور وہ سب کچھ محسوس کرسکتاہے مگر کسی کو بتا نہیں سکتا کے متعلق ہے۔ہارٹ لیس میں اداکارہ آریانا آئم ''ریا'' اور آدھیان ثمن ادیتہ سنگھ کے کردار میں ہیں جب کہ اوم پوری اور شیکھر ثمن جو پہلی مرتبہ فلم کی ہدایات دے رہے ہیں ڈاکٹرز کے رول میں ہیں ، دیپتی ناول فلم کے ہیرو آدھیان ثمن یعنی ادیتہ سنگھ کی والدہ کا کردار ادا کررہی ہیں۔

فلم کاٹریلر گزشتہ برس نومبر جب کہ اس کا میوزک معروف کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے دسمبر میں جاری کیا تھا ۔ فلم کا میوزک گرو داگنوکا اور فیوزن بینڈ نے ترتیب دیا ہے جب کہ اس کے گانے عرفات محمود اور ارشدکمیل نے تحریر کیے ہیں جنھیں آش کنگ ، ارونیمابھٹہ چاریہ ، ارجیت سنگھ،خرم اقبال ،موہت چوہان ، سکنیہ گھوش، انیرالدین بھولا، سوزانے ڈی میلو ، شیکھر ثمن اور ادھیان ثمن کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیاہے۔ ہدایتکار شیکھر ثمن کا کہنا ہے کہ اپنے موضوع کے لحاظ سے اچھوتی فلم کو 7فروری 2014کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق آدھیان ثمن جو نیویارک فلم اکیڈمی کے لیے ایک شارٹ فلم بنارہے تھے اور اس شارٹ فلم میں آریانا آئم نے مختصرکردار کررہی تھی کہ اسی دوران شیکھر ثمن اور فلم ہارٹ لیس کی پروڈیوسر الکا ثمن کی نظر اس پر پڑی اور انھوںنے اسے اپنی فلم میں مرکزی کردار کے لیے سائن کرنے کا فیصلہ کرلیا اور انھوںنے آریانا آئم جو ان دنوں نیویارک میں گرافک ڈیزائنر کی حیثیت سے کام کررہی تھیں سے بات کی مگر اس نے فوری طور پر کسی بھی فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا اس سلسلہ میں آریانا آئم کا کہنا ہے کہ آریانا آئم کا کہنا ہے میں نے ابتدا میں فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تھا۔




کیونکہ مجھے اپنے پوری زندگی تبدیل ہوتی ہوئی نظر آرہی تھی مگر جب میں نے اسکرپٹ پڑھا تو مجھے محسوس ہوا کہ یہ ایک عام فلم نہیں ہے اور نہ ہی اس میں میرا کردار عام سا ہے جس پر میں نے فلم میں کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا۔ایک سوال کے جواب میں آریانا آئم کا کہنا تھاکہ مجھے ابتدا میں فلموں میں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور نہ ہی میں نے کبھی اداکارہ بننے کا سوچا تھا ۔ ادھیان ثمن کی شارٹ فلم میں کام کرنے کے بعد ان کے والدشیکھر ثمن نے اپنی فلم میں کاسٹ کیا اور یہ میری پہلی فلم ہے امید ہے شائقین کو میری پرفارمنس پسند آئے گی ۔ آریانا کا مزید کہنا تھا کہ اب چونکہ میں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ ہی دیا ہے تو کوشش کررہی ہوں کہ بالی ووڈ کے معیار پر پورا اتروں اور اپنی اداکاری سے ہر ہدایتکار کی ضرورت بن جاؤں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کسی بھی اداکارہ کے لیے بالی ووڈ میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے رقص پر مکمل طور عبور رکھنا ضروری ہوتاہے اسی لیے میں بھی رقص پر عبور کے لیے شیکھر ثمن ہی کے توسط سے ماہر کوریوگرافر سے باقاعد رقص سیکھ رہی ہوں۔ شیکھر ثمن کا کہنا ہے کہ میں اپنی اس فلم میں ایک نیا چہرہ لانا چاہتا تھا جو اوم پوری اور دپتی ناول جیسے فنکاروں کے ساتھ اپنی موجودگی کو ظاہر کرسکے آریانا مجھے اس معیار پر پوری اترتی نظرآئی جس پر میں نے اسے اپنی فلم میں ک ام کرنے پر رضامند کیا ۔

امید ہے کہ آریانا اپنی پہلی ہی فلم سے بالی ووڈ میں اپنی موجودگی ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ آریانا آئم 3جولائی 1987کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیدا ہوئیں اس کے والد ائم الدین ایک تاجر اور والدہ بلقیس آئم ایک نرس ہیں آریانا ایک سال کی ہوئی تو اس کے والدین نیویارک منتقل ہوگئے ۔ اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اس نے بریرکلف کالج میں داخلہ لے لیا اور گرافک ڈیزائنر کی تعلیم حاصل کی۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد آریانا نیویارک میں بطور گرافک ڈیزائنر کام کررہی تھی کہ بالی ووڈ اداکار آدھیان ثمن کی شارٹ فلم میں مختصر کردار نے اسے بالی ووڈ کی بڑی فلم میں مرکزی کردار دلوا دیا۔ اطلاعات کے مطابق آریانا ان دنوں ممبئی میں موجود ہیں اور اداکاری میں اپنا کیرئیر بنانے پر اپنی پوری توجہ دے رہی ہیں۔ بالی ووڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ آریانا بھارتی فلم انڈسٹری میںا یک اچھا اور بہترین اضافہ ہے ۔ ابتدا ہی میں ایک اچھی فلم اور اس میں مرکزی کردار ملنا اس کے لیے بہت اچھا ثابت ہوگا۔
Load Next Story