نئی دہلی میں میڈ ان پاکستان شو منعقد کرنے کا اعلان

لاہور کے دوسرے انڈیا شو میں 90 بھارتی کمپنیاں اور250 صنعتکار شرکت کرینگے

سارک چیمبر کے صدر وکرم جیت سنگھ ساہنے اور دیگر میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں ۔ فوٹو:وسیم نیاز / ایکسپریس

فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے دوسری مرتبہ انڈیا شو منعقد کروارہا ہے جو 14 سے 16فروری 2014 تک لاہور میں منعقد ہوگا جس سے دوطرفہ تجارت میں بڑی پیشرفت ہوگی۔

فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نامور صنعتکاروں کا 250 رکنی وفد بھی انڈیا شو میں شرکت کرے گا۔ یہ بات سارک چیمبر کے صدر وکرم جیت سنگھ ساہنے، ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر ملک، لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری، سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک، فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل امبیکاشرما اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی سیکریٹری رابعہ جویریہ آغا نے لاہور چیمبر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر کاشف انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس 3روزہ میگا ایونٹ میں امرتسر سے لاہور تک وینٹیج کار و موٹرسائیکل ریلی اور کلچرل شو بھی شامل ہونگے جبکہ ٹیکسٹائل، ٹرانسپورٹ، ایگریکلچر، ہیلتھ کیئر، جیم اینڈ جیولری، ریڈی میڈ گارمنٹس، اسٹیل، کنسٹرکشن اور پینٹ سمیت دیگر بہت سے شعبوں سے تعلق رکھنے والی 90 سے زائد بھارتی کمپنیاں انڈیا شو میں حصہ لیں گی۔ پاکستان اور انڈیا کے تاجر رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاک بھارت تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔




فروری 2012 میں منعقدہ پہلے میڈ ان انڈیا شوکی کامیابی مدنظر رکھتے ہوئے توقع کی جارہی ہے کہ یہ شو بھی بڑی کامیابی سے ہمکنار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کا فروغ صرف پاکستان اور بھارت ہی نہیں بلکہ سارے خطے کے مفاد میں ہے، تجارت و سرمایہ کاری بڑھنے کے دور رس نتائج برآمد ہونگے جس کا فائدہ نہ صرف تاجروں کو ہوگا بلکہ دونوں ممالک ترقی کے اہداف بھی حاصل کرسکیں گے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت پہلے ہی بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے جو 2003 میں 250ملین ڈالر سے بڑھ کر سال 2013 میں 2.4ارب ڈالر تک پہنچ گئی ، باہمی پوٹینشل سے فائدہ اٹھاکر دوطرفہ تجارت میں 10گنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو تجارت کے ساتھ ساتھ ایجوکیشن، اسکلز، ہیلتھ، کنسٹرکشن اور سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا شو بہت اہم ایونٹ ہے جس سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو یکساں فائدہ ہوگا اور انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم میسر آئے گا جہاں سے وہ ایک دوسرے کی مصنوعات اور تجارتی مواقع کے بارے میں آگہی حاصل کرسکیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے نئی دہلی میں میڈ ان پاکستان شو منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں موجود پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کا بہترین وقت آگیا ہے لہذا دونوں ممالک کو مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہئیں، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انڈیا شو کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
Load Next Story