عمران خان کی یہ پہلی اور آخری حکومت ہے بلاول بھٹو

سلیکٹڈ حکومت عوام پر ہر طرف سے حملہ آور ہے اور معاشی قتل پر اتر آئی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک August 28, 2021
پہلے دن سے اس ملک کے غریب عوام اس حکومت کے نشانے پر تھے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی۔ فوٹو:فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے، عوام جانتے ہیں کہ اپنے حقوق کا تحفظ کیسے کیا جاتا ہے اور کیسے حقوق چھینے جاتے ہیں۔

ٹنڈو الہیار میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب بھی غیرجمہوری اور سلیکٹڈ حکومت آتی ہے عوام سے ان کے حقوق چھینے جاتے ہیں، جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے تب سے بے روزگاری شروع ہوئی، مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہوا ہے، پہلے دن سے اس ملک کے غریب عوام اس حکومت کے نشانے پر تھے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ غربت اور بے روزگاری میں اضافہ جو اس حکومت میں ہوا ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا ہے، سلیکٹڈ حکومت عوام پر ہر طرف سے حملہ آور ہے، عوام کے جمہوری حقوق اور روزگار پر ڈاکے مارے جا رہے ہیں، حکومت عوام کے معاشی قتل پر اتر آئی ہے، اسٹیل ملز کے دس ہزار خاندانوں کو بے روزگار کردیا گیا ہے، ایف آئی اے میں کام کرنے والے ہزاروں افراد کو نکال دیا گیا، نوجوان کو روزگار کا موقع نہیں مل رہا، اور جن لوگوں کے پاس روزگار ہے اسے ختم کیا جارہا ہے، پورے ملک میں پبلک سروس کمیشن چل رہے ہیں سندھ ایک ہی صوبہ ہے جہاں پبلک سروس کمیشن پر تالا لگا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماضی میں کبھی مہنگائی اورغربت میں اتنا اضافہ نہیں ہوا، مہنگائی کی شرح میں پاکستان بنگلہ دیش سے آگے نکل گیا ہے، جنگ زدہ افغانستان سے بھی پاکستان میں مہنگائی زیادہ ہے، یہ عمران خان کی تبدیلی ہے، ان کا تین سال میں کارنامہ تاریخی مہنگائی ہے، اگر تین سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی غربت ہے، یہ عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ اپنے حقوق کا تحفظ کیسے کیا جاتا ہے اور کیسے حقوق چھینے جاتے ہیں، عوام نے ایک نہیں بلکہ کئی آمروں کے خلاف جدوجہد کی ہے، انہیں ایک بار پھر جدوجہد کیلئے تیار ہونا ہے، تاکہ ہم سیاسی میدان میں اتر کر اس نااہل، نالائق اور ناکام ترین حکومت کا مقابلہ کریں، کوئی جماعت سلیکٹڈ کا مقابلہ کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، ہم نے مل کر انہیں بھگانا ہے، اور عوامی حکومت لانی ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے ان حکمرانوں کو نہ پہلے مانا اور نہ آج ان کو مانتے ہیں اور آنے والے کل میں ان کو بھگائیں گے، یہ عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے، ابھی انہیں جشن منانے دو، جب پاکستان کے عوام کے ہاتھ میں یہ فیصلہ آئے گا اور ووٹ کا موقع ملے گا تو وہ خود فیصلہ کریں گے، ہم ناکام، نالائق اور ناکام سلیکٹڈ کو بھگائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں