اہلیہ پر تشدد کیس میں یو یو ہنی سنگھ کی غیرحاضری پر عدالت برہم

عدالت کا گلوکار کو آئندہ سماعت پر میڈیکل رپورٹ اور انکم ٹیکس کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم


ویب ڈیسک August 28, 2021
عدالت کا گلوکار کو آئندہ سماعت پر میڈیکل رپورٹ اور انکم ٹیکس کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم - فوٹو: فائل

اہلیہ پر تشدد کیس میں عدالت نے مشہور میوزک ریپر یو یو ہنی سنگھ کی غیرحاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آج دہلی کی مقامی عدالت میں یو یو ہنی سنگھ کے خلاف اہلیہ پر تشدد کیس کی سماعت ہوئی تاہم گلوکار عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گلوکار طبیعت کی خرابی کے باعث آج پیش نہیں ہوسکے لہٰذا ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بلاتر نہیں، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، آئندہ سماعت پر یو یو ہنی سنگھ پیش نہ ہوئے تو نوٹس جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گلوکار کی میڈیکل رپورٹ اور انکم ٹیکس کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے 3 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں یو یو ہنی سنگھ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 3 اگست کو یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ شیلنی تلوار نے تشدد کرنے پر شوہر کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ شیلنی تلوار نے دہلی کی مقامی عدالت میں درخواست دی تھی کہ شوہر کی جانب سے انہیں جسمانی، زبانی اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اہلیہ نے درخواست میں یہ بھی کہا تھا کہ شوہر کی آمدنی 4 کروڑ روپے ماہانہ ہے اور وہ ان پیسوں کو شراب نوشی، منشیات اور عیاشی پر خرچ کرتے ہیں، شوہر نے کئی لڑکیوں سے جنسی تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔

گلوکار یو یو ہنی سنگھ اور شیلنی تلوار کی شادی 2011ء میں ہوئی تھی تاہم دونوں شادی سے قبل ایک دوسرے کو کئی سالوں تک ڈیٹ کرتے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں