رواں ہفتے بھی ڈالر پاؤنڈ اور یورو کی قدر میں اضافہ

ہفتہ وار کاروبار میں اتار چڑھاؤ کے باجود ڈالر کی قدر 165روپے سے تجاوز کرگئی

ہفتہ وار کاروبار میں اتار چڑھاؤ کے باجود ڈالر کی قدر 165روپے سے تجاوز کرگئی ۔ فوٹو : فائل

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 2.8 ارب ڈالر کا سستا قرض ملنے کے باوجود زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے بھی امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ اور یورو کرنسی کی قدروں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ہفتہ وار کاروبار کے ابتدائی دنوں میں ڈالر کی قدر 166.27 روپے کے ساتھ 11 ماہ 20 دن کی بند سطح تک پہنچ گئی تھی تاہم اختتامی دنوں میں ڈالر کی بہ نسبت روپے کی قدر میں ریکوری ہوئی تاہم ہفتہ وار کاروبار میں اتار چڑھاؤ کے باجود ڈالر کی قدر 165روپے سے تجاوز کرگئی۔

گزشتہ ہفتے سرمایہ کاروں کی ملک کے معاشی مستقبل سے متعلق غیریقینی صورتحال نے بھی ڈالر کی طلب میں اضافہ برقرار رہا جبکہ درآمدی شعبوں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ سے روپیہ کمزور ہوا۔


ماہرین کا کہنا تھا کہ مالیاتی خسارہ 7 فیصد سے تجاوز کرجانے سے بھی روپیہ کمزور ہوا اسی طرح افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال بھی زرمبادلہ کی مارکیٹوں پر اثرانداز رہیں۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 1.44 روپے بڑھ کر 165.62 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.70روپے بڑھ کر 166.30 روپے ہوگئی۔

برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 3.23 روپے بڑھ کر 226.84 روپے ہوگئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر 2.80 روپے بڑھ کر 228.80 روپے رہی۔

انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 2.97 روپے بڑھ کر 194.64 روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں یورو کی قدر 2.20روپے بڑھکر 194.70روپے ہوگئی۔
Load Next Story