شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے آبدیدہ ہوگئے

ہم انشاءاللہ اپنا آخری سانس اور خون کا قطرہ کراچی کو دیں گے، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک August 29, 2021
کسانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے مسائل پر بھرپور آواز بلند کریں گے، شہباز شریف فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کہتے ہیں کہ نوازشریف کی قیادت میں اللہ تعالی نے آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے۔

کراچی میں کسان متحدہ محاذ سندھ بلوچستان کے وفد نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وفد نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں، کسانوں اور زراعت کو درپیش مسائل پر شکایات کے انبار لگادئیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی 75 فیصد آبادی دیہات میں رہتی ہے، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کسان کی خوشحالی کے بغیر ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر نہیں چلایا جاسکتا، کسان غریب اور مشکلات کا شکار رہیں اور ملک ترقی کرجائے ایسا نہیں ہوسکتا، نواز شریف کی قیادت میں ہم نے کسانوں اور زراعت کے لئے ٹھوس، حقیقت پسندانہ اور عملی اقدامات کئے۔ کسانوں کو اربوں روپے کا پیکج دیا گیا، کسان کے لئے فصلوں کی امدادی قیمت بڑھائی، وفاق اور پنجاب نے سبسڈی کی رقم دی لیکن فائدہ پورے ملک کے کسانوں کو ہوا، زرعی ٹیوب ویل چلانے کے لئے بجلی اور کھادوں پر خصوصی سبسڈی، پہلی بار بلاسود قرض دئیے۔

صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ معیشت کی طرح ملکی زراعت کے لئے بھی موجودہ حکومت کے 3 سال تباہ کن ثابت ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت نے زرعی ٹیوب ویل پر 5 روپے35 پیسے فی یونٹ بجلی 15 روپے کردی، کھادوں، کیڑے مار ادویات، ٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ سازوسامان کی قیمتوں میں دگنا اضافہ کردیا گیا، زراعت اور زرعی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرکے کسان اور زراعت کے ساتھ زیادتی کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے، شہروں سے زیادہ دیہات میں مہنگائی ہے، کتنے دکھ کی بات ہے کہ ایک زرعی ملک ہوکر ہمیں آج گندم اور چینی باہر سے منگوانی پڑ رہی ہے، زرعی ملک میں آٹا 35 روپے سے 100 اور چینی 52 روپے سے 110 روپے پر فروخت ہورہی ہے، کسانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے مسائل پر بھرپور آواز بلند کریں گے۔

موقع ملا تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے، شہبازشریف

بعد ازاں شہبازشریف سے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 سے مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں، کارکنان اور عمائدینِ علاقہ نے بھی ملاقات کی، کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ شہباز شریف نے کہا کہ یہ بابائے قوم حضرت قائداعظم کا شہر ہے، یہ ایک کمال شہر ہے جس نے ہر قومیت، ہر رنگ ونسل اور زبان بولنے والے کو اپنی گود میں لے رکھا ہے، کماؤ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہورہا ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ میرے مرنے سے پہلے کراچی شہر بدل جائے، نوازشریف کی قیادت میں اللہ تعالی نے آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے، ہم ان شاءاللہ اپنا آخری سانس اور خون کا قطرہ کراچی شہر کو دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں