پولیس کی کارروائیوں میں ٹارگٹ کلرز سمیت 260 ملزم گرفتار

گرفتار ملزم درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں، یونی بیرل راکٹ لانچرز،دستی بم برآمد


Staff Reporter January 29, 2014
ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 40 ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے درجنوں افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرز سمیت260ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

رینجرز نے 29 افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد میں سپر مارکیٹ سے پولیس نے قتل کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزم سلیم عرف سینڈو کو گرفتار کرکے اسلحہ، دستی بم اور دیگر سامان برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، پولیس نے نیو کراچی سے بھی ٹارگٹ کلر عثمان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم قتل کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھا، رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے بتایا کہ وزیر گوٹھ، کورنگی سو کوارٹرز، شاہ فیصل کالونی، بلال کالونی، بھٹائی آباد، نشتر آباد، گلشن غازی، مجاہد کالونی، اورنگی ٹائون اور لیاری میں چھاپے مارے گئے۔



جبکہ سکھیا گرائونڈ پرانی سبزی منڈی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا، ترجمان نے بتایا کہ تمام کارروائیوں میں مجموعی طور پر 29 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن میں لیاری گینگ وار، کالعدم تنظیموں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ملزمان شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 40 ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں، برآمد کیے گئے اسلحے میں ایس ایم جی، یونی بیرل راکٹ لانچرز،جی تھری رائفل، دستی بم اور متعدد رائونڈز شامل ہیں، علاوہ ازیں پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے24گھنٹے کے دوران 105 چھاپوں اور9 مقابلوں کے بعد 258 ملزمان کو گرفتار کرلیا،ڈاکس پولیس نے مچھر کالونی سے ملزم جعفر عالم کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے مسروقہ موبائل فون ، نقدی ، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرالیا ، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ملزم عبدالکریم عرف کاکا جبکہ نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے ملزم زبیر کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی ارشد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے سرجانی ٹائون میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 2 افراد امجد اور سلمان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں