ویراٹ کوہلی نے شکست کی ’اصل‘ وجہ بتادی

انگلینڈ نے دباؤ کا شکار کیا،لوئرآرڈر پر انحصار نہیں کرسکتے،بھارتی کپتان


Sports Desk August 30, 2021
انگلینڈ نے دباؤ کا شکار کیا،لوئرآرڈر پر انحصار نہیں کرسکتے،بھارتی کپتان۔ فوٹو : انٹرنیٹ

'انگلش بولنگ بڑی بے رحم تھی' ویراٹ کوہلی لیڈز ٹیسٹ میں شکست کی 'اصل' وجہ زبان پر لے آئے۔

تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم 78 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، اس ناکامی پر مہمان کپتان کا کہنا ہے کہ ہمارے بیٹسمین انگلش بولنگ کی تاب نہیں لاسکے اور انھوں نے عمدہ بولنگ کرکے ہمیں دباؤ میں لے لیا تھا،بھارت اننگز اور 76 رنز سے ہارنے پر سیریز میں حاصل ہونے والی برتری کھوبیٹھا تھا۔

تیسرے میچ کے اختتام پر سیریز سردست 1-1 سے برابر ہوچکی، بھارتی بیٹنگ لائن انگلش بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی تھی، کوہلی نے اعتراف کیا کہ انگلینڈ کی " بے رحم " بولنگ نے ہمیں شدید دباؤ کا شکار کردیا تھا، میزبان بولرز نے ایسا سماں باندھا کہ ہمارے بیٹسمین یکے بعد دیگرے پہلی اننگز میں پویلین واپس ہوتے چلے گئے۔

پہلی اننگز میں کسی بھی ٹیم کو کم اسکور پر آؤٹ ہوجانے دباؤ کا سبب بنتا ہے، ایسے میں حریف سائیڈ آپ پر حاوی ہوجاتی ہے، ہمارے ساتھ بھی لیڈز میں کچھ ایسا ہی معاملہ رہا، تاہم ہم نے دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرکے اعتماد بحال کیا لیکن بڑے خسارے کی وجہ سے ناکامی کو نہیں ٹال سکے، انگلش بولرز نے غیرمعمولی بولنگ کرکے ہمیں دباؤ کا شکار رکھا اور اپنا مطلوبہ نتیجہ پانے میں بھی کامیاب رہے۔

پہلی اننگز میں بیٹنگ لائن کی ناکامی ہمارے لیے انتہائی مایوس کن رہی، اگرچہ اس سے قبل لارڈز میں ہم نے کامیابی پائی تھی لیکن ہماری ٹیم پرفارمنس میں تسلسل نہیں رکھ پائی، کوہلی نے برطانیہ میں ایسا ہوسکتا ہے، ہم سوچ رہے تھے پچ بیٹنگ کے لیے اچھی ہوگی لیکن انگلش بولرز کی عمدہ بولنگ نے ہمیں غلطیوں پر اکسایا اور ہم دباؤ کا شکار ہوتے چلے گئے، جب اسکور بورڈ پر کوئی اچھا مجموعہ نہیں ہو تو مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔

بھارتی کپتان نے لیڈز ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کو غلطی ماننے سے انکار کیا، ان کا کہنا تھا کہ نہیں، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی تھی، جب انگلش ٹیم بیٹنگ کے لیے آئی تو وہ مختلف وکٹ تھی کیونکہ ہم نے گیند کے ساتھ اتنی اچھی پرفارمنس نہیں دی تھی، ہمیں توقع تھی کہ ہم میچ میں بھرپور انداز میں واپس آئیں گے۔

کوہلی نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ اپنے لوئرآرڈر پر انحصار نہیں کرسکتا، جیسا کہ لارڈز میں محمد شمی اور جسپریت بمرا نے ٹیم کو سنبھالا دیا تھا، آپ اسے ہماری بیٹنگ کی گہرائی کہہ سکتے ہیں لیکن ٹاپ آرڈر کو مڈل بیٹسمینوں کے لیے خاطرخواہ رنز جمع کرنا چاہیے، ہم نے ابتدائی دو میچز میں قدرے بہتر پرفارمنس دی تھی، بطور بیٹنگ گروپ ہمیں پراعتماد رہنے کی ضرورت ہے، ہم آسٹریلیا میں اپنی تاریخ کے کمترین 36 رنز پر بھی آؤٹ ہوچکے ہیں لیکن ہم انگلینڈ سے جاری سیریز میں واپسی کریں گے۔

کوہلی نے 2 ستمبر سے شیڈول اوول ٹیسٹ میں ایک اضافی اسپنر کھلانے پر کوئی بات حتمی نہیں کی، انھوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کریں گے۔ ہماری اپنی غلطیوں کو سدھارنا ہوگا، اسی صورت میں ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

دوسری جانب انگلش کپتان جوئے روٹ اپنی ٹیم کی حالیہ پرفارمنس پر نازاں دکھائی دیے، انھوں نے کہا کہ ہمارے بولرز نے عمدہ پرفارمنس پیش کرکے بھارتی ٹیم کو دباؤ کا شکارکیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں