عدالت شہبازشریف کے خلاف کیس روزانہ سنے تو وہ جیل میں ہوں گے فواد چوہدری

ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی لانےکی کوشش کررہےہیں،فوادچوہدری


ویب ڈیسک August 31, 2021
شہبازشریف اوربلاول بھٹو نے الیکشن اصلاحات اورپی ڈی ایم اے کا ایک لفظ نہیں پڑھا، : فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ‏ اگر عدالت شہباز شریف سے متعلق کیس کو روزانہ سنے تو وہ جیل میں ہوں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا، افغان عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، دعاگوہیں کہ افغانستان میں امن واستحکام کاسورج طلوع ہو۔ افغانستان میں حکومت سازی افغان عوام کاحق ہے، ہم افغان عوام کے لئے جو کرسکتے ہیں وہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا نے افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ انخلا میں مدد دیں گے، افغانستان سے نیٹو ممالک کے 10 ہزار 302 لوگ پاکستان آئے تھے، 155امریکی آئے تھے جن میں 42 اب بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ جو پاکستانی خاندان افغانستان سے نکلنا چاہتے تھے انہیں واپس لے آئے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات کی بات کرتی ہے، اپوزیشن کے پاس تجاویز ہیں تو سامنے لے آئیں، موجودہ حکومت میں پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کو بہتر کیا گیا ہے، ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے سیاسی بھرتیاں کرکے ادارے تباہ کیے، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کیسز میں ٹھوس شواہد موجود ہیں، اگر عدالت شہباز شریف سے متعلق کیس کو روزانہ سنے تو وہ مزار قائد کے بجائے جیل میں ہوں گے۔

وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹرعشرت حسین کے استعفے سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ڈاکٹرعشرت حسین مزید کام نہیں کرنا چاہتے۔

اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اوربلاول بھٹو نے الیکشن اصلاحات اورپی ڈی ایم اے کا ایک لفظ نہیں پڑھا، نہ ہی انھیں کوئی پتہ ہے کہ تجاویزہیں کیا۔ ہمارے ہاں اپوزیشن کا ایک ہی رول ہے کہ حکومت کے مخالف شیطان سے بھی اتحاد ہوجائے توکرنا ہے۔ ایسے لوگ پاکستان کی قیادت کےخواہشمند ہیں جن کے اپنے فیصلے بھی اور لوگ کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں