امریکا کی شکست افغانستان پر حملہ کرنے والوں کے لیے ایک سبق ہے طالبان

اب اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ افغانستان کی اسلامی امارت ایک آزاد اور خودمختار قوم ہے، ترجمان طالبان

امریکی افواج نے گزشتہ روز افغانستان سے انخلا مکمل کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD:
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کے رن وے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کی شکست افغانستان پر حملہ کرنے والوں کے لیے ایک سبق ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا مکمل ہوگیا، کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے بعد طالبان نے ہوائی فائرنگ کرکے جشن منایا اور ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل ائیر پورٹ کا دورہ بھی کیا۔

ترجمان طالبان نے ایئرپورٹ سیکیورٹی پر مامور طالبان کے دستے سے مختصر خطاب میں کہا کہ پہلے تو مبارک باد دیتا ہوں اور یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ آزادی ہمیں آپ جیسے مجاہدوں، ہمارے فدائی نوجوانوں اور مخلص لیڈرشپ کی وجہ سے ملی ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم افغانستان پر مسلط نہیں ہوئے بلکہ عوام کے خادم ہیں اور اس نے عوام نے گزشتہ 20 برسوں میں سخت مشکل دور دیکھا ہے، آپ سے گزارش ہے کہ عوام کو تنگ نہ کریں۔

بعد ازاں ترجمان طالبان نے کابل ایئرپورٹ کے رن وے پر کھڑے ہوکر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا دن تاریخی دن ہے۔ افغانستان سے 20 برس بعد امریکا کے نکلنے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور قوم سے عہد کرتے ہیں کہ اسلامی روایات، آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کریں گے۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی شکست افغانستان پر حملہ کرنے والوں اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک اہم سبق ہے۔


یہ خبر پڑھیں : امریکا نے انخلا سے قبل افغانستان میں موجود طیاروں کو ناکارہ بنادیا

ترجمان طالبان نے مزید کہا کہ اب اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ افغانستان کی امارت اسلامی ایک آزاد اور خودمختار قوم ہیں اور یہی ہماری سب سے بڑی فتح ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کابل چھوڑنے والے آخری امریکی فوجی کی تاریخ ساز تصویر

اس موقع پر ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم امریکا سمیت دیگر دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں اور اچھے سفارتی تعلقات قائم کرنے والے ممالک کو خوش آمدید کہیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بیس سال بعد افغانستان سے انخلا مکمل، امریکا نے کابل ایئرپورٹ خالی کردیا

واضح رہے کہ امریکا نے پیر اور منگل کی درمیانی شب کابل ایئرپورٹ خالی کردیا جب کہ پینٹاگون نے بھی افغانستان چھوڑنے والے آخری سپاہی کی تصویر جاری کرکے انخلا مکمل ہونے کی تصدیق کردی۔
Load Next Story