پہلا ٹیسٹسری لنکنز کمزور بنگلہ دیشی بولنگ پر برس پڑے

ٹیم کے 5 وکٹ پر 375 رنز،143کی برتری حاصل،کوشل سلوا کی سنچری


Sports Desk/AFP January 29, 2014
سری لنکن بیٹسمین کوشل سلوا کیریئر کی اولین سنچری مکمل کرنے پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

پہلے ٹیسٹ میں سری لنکنز کمزور بنگلہ دیشی بولنگ پر برس پڑے، مہمان ٹیم نے کوشل سلوا کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے5 وکٹ پر 375 رنز جوڑ لیے۔

یوں اسے 143رنز کی برتری حاصل ہو گئی، سلوا (139) کیریئر کی اولین ٹیسٹ سنچری بنانے میں کامیاب رہے، سنگاکارا 75 اوردنیش چندیمل40 رنزبناکر پویلین واپس ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے نامکمل اننگز کا پُراعتماد انداز سے آغاز کیا، اوپنرز دیموتھ کرونا رتنے اور کوشل سلوا کی جوڑی 118 پر شکیب نے توڑی، کرونا رتنے 53 رنز بناکر روبیع الاسلام کا کیچ بن گئے، سنگاکارا نے سلوا کے ساتھ دوسری وکٹ کیلیے 155 رنز جوڑ کر میزبان بولرز کو پریشان کیے رکھا، سنگاکارا75 کے انفرادی اسکور پر ال امین حسین کی گیند پر ناصر کا کیچ بنے، مجموعے میں مزید 29 رنز کے اضافے سے سلوا بھی شکیب کے جال میں پھنس گئے، انھوں نے 16چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 139 کی اننگز کھیلی، یہ ان کے کیریئر کا ساتواں ٹیسٹ ہے۔



سلوا کو صبح کے سیشن میں 2 چانسز بھی ملے، مشفق اور شمس نے ال امین کی گیند پر کیچز ڈراپ کیے، لنچ سے قبل ال امین حسین کی نوبال پر بھی وہ کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے تھے، سلوا کو یہ تینوں مواقع بالتریب 39،40 اور42 کے انفرادی اسکور پر ملے، شام کے سیشن میں بھی شکیب کی گیند پر مشفیق نے سلوا کا کیچ ڈراپ کیا، ان کے بعد دنیش چندیمل(40) اور مہیلا جے وردنے(42 ناٹ آئوٹ ) نے پانچویں وکٹ کے لیے 72 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، چندیمل کو بھی شکیب نے ٹھکانے لگایا جبکہ سورنگا لکمل دن کے اختتامی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آف اسپنر سوہاگ غازی کا شکار بن گئے، کیچ ناصر حسین نے تھاما،شکیب الحسن نے تین وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں