پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

حکومت بھی اپوزیشن کے متوقع احتجاج پر جوابی حکمتِ عملی مرتب کرے گی، ذرائع


ویب ڈیسک August 31, 2021
اپوزیشن جماعتوں کی اجلاس سے قبل پارلیمان کی حد تک مشاورت ہوگی، ذرائع فوٹو: فائل

اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمانی سال مکمل ہونے پر 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جارہا ہے، جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے، اس موقع پر اپوزیشن نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن صدر مملکت کے خطاب کے موقع پر ایوان میں شدید احتجاج کرے گی، اس سلسلے میں حکومت کے تین سالہ دور حکومت میں عوام کو درپیش مسائل سے متعلق پلے کارڈز تیار کئے جائیں گے۔ پارلیمان کی حد تک تمام اپوزیشن جماعتوں کی آپس میں اجلاس سے قبل مشاورت ہوگی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے علاوہ پیپلز پارٹی، اے این پی اور آزاد ارکان سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل حزب اختلاف جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس بھی بلائے جانے کا قوی امکان ہے۔

دوسری جانب حکومت بھی اپوزیشن کے متوقع احتجاج پر جوابی حکمتِ عملی مرتب کرے گی، اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان سمیت دیگر سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں