کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش

شہر میں بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی


ویب ڈیسک September 01, 2021
شہر میں بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی - فوٹو:فائل

KABUL: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، اولڈ سٹی ایریا اور لیاقت آباد میں تیز بارش ہو رہی ہے جبکہ گلزار ہجری، سپرہائیوے صدر، ایم اے جناح روڈ، ٹاور، یونیورسٹی روڈ گلزار ہجری اور سپر ہائی وے پر بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی ہے، کورنگی، ملیر، گلشن حدید، نیوکراچی، سرجانی ٹاؤن کے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی، کچھ دیر پہلے ہی بڑے بریک ڈاؤن کے بعد شہر کی بجلی بحال ہوئی تھی۔

کراچی میں گزشتہ چند روز سے گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شہر میں بلوچستان کی گرم وخشک ریگستانی ہوائیں چل رہی ہیں اور دوپہر کے وقت درجہ حرارت 39 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا تھا۔ ماہرین موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ شہر میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث جمعرات اور جمعے کو کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا تھا کہ بارش برسانے والا ہوا کا کم دباؤ مشرق سے سندھ میں داخل ہوا ہے، اس کی رفتار انتہائی سست ہے جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، ہوا کے کم دباؤ کے باعث جمعرات اور جمعے کو کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں، بلوچستان کے چند ساحلی مقامات اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں 3 ستمبر تک بارش ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں