عدالتی حکم پر کم عمر ڈرائیوروں اور انکے والدین کے خلاف مہم کا آغاز

بچوں کو گاڑی، رکشا یا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے والے والدین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، عدالتی حکم


ویب ڈیسک September 01, 2021
بچوں کو گاڑی، رکشا یا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے والے والدین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، عدالتی حکم۔(فوٹو:فائل)

عدالت کے حکم پر ٹریفک پولیس کم عمر ڈرایئوروں، ان کے والدین اور گاڑی مالکان کے خلاف آج سے خصوصی مہم کا آغاز کر رہی ہے.

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کیا ہے جن کی وجہ سے جان لیوا حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ عدالت نے کم عمر ڈرائیوروں کے والدین اور گاڑی مالکان کے خلاف بھی کارروائی کا حکم جاری کیا ہے جو انہیں گاڑی، موٹر سائیکل اور رکشا چلانے کی اجازت دیتے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں کل بروز جمعرات 2 ستمبر سے عدالت کے حکم پرکم عمر ڈرائیوروں، ان کے والدین اور گاڑی مالکان کے خلاف مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، اس دوران پکڑے جانے والوں کے نہ صرف چالان بلکہ بھاری جرمانہ عائد کر کے گاڑیوں کو بھی قبضے میں لے لیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی گاڑی، موٹر سائیکل یا رکشا اس صورت میں واپس کیا جائےگا، جب تک جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ گاڑی کا مالک یا ڈرائیور لائسنس، گاڑی کی اوریجنل رجسٹریشن بک یا نئے جاری کیے گئے رجسٹریشن کارڈ اور دیگر دستاویزات کا معائنہ نہیں کرا دے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ والدین یا گاڑی کا مالک حلف نامہ (AFFIDAVIT) بھی لکھ کر دے گا کہ وہ آئندہ سے بچے کو گاڑی، موٹر سائیکل یا رکشا چلانے کے لیے نہیں دیں گے۔ اگر حلف نامہ لکھ کر دینے کے بعد بھی وہ بچہ پھر سے یہ خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑا گیا تو درج بالا کارروائی کے علاوہ گاڑی غیر معینہ مدت کے لیے قبضے میں لے کر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں