ٹیکس چوری روکنے کیلیے 4 صنعتوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کا فیصلہ

تمباکو،سیمنٹ،شوگر، کھاد کی صنعتوں میں یہ سسٹم نصب کرنے کا مقصد ٹیکس کی مد میں ملکی آمدن بڑھانا ہے۔

اس سسٹم کی تنصیب کے بعد یہ صنعتیں ٹیکس اسٹیمپ کے بغیر مارکیٹ میں اپنی مصنوعات نہیں بیچ سکیں گی،ایف بی آر۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر نے اربوں روپے کی ٹیکس چوری روکنے کیلیے رواں ماہ 4 بڑی صنعتوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تمباکو، سیمنٹ، شوگر اور کھاد کی صنعتوں میں یہ سسٹم نصب کرنے کا مقصد ٹیکس کی مد میں ملکی آمدن بڑھاناہے۔ایف بی آر گزشتہ51 برسوں سے یہ نظام لاگو کر نے کی کوشش کر رہا تھا لیکن عدالتی معاملات کی وجہ سے تاخیر ہوتی رہی۔

واضح رہے وزیر اعظم عمران خان ایف بی آرکومسلسل کہہ رہے ہیں کہ ٹیکس چوری روکنے اور معیشت دستاویزی کر نے کیلیے یہ نظام لاگو کرے۔


سندھ ہائی کورٹ نے ٹریک اینڈ ٹریک سسٹم کی تنصیب کیلیے میسرز اے جے سی ایل کنسورشیم کو دیئے کنٹریکٹ کے خلاف اپیل خارج کر دی۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر عملدرآمد میں تاخیر کی اب کوئی وجہ نہیں ہے۔ مذکورہ سسٹم کی تنصیب کے بعد سگریٹ،شوگر،سیمنٹ اور کھاد کی صنعتوں میں ٹیکس سٹیمپ کے بغیر مصنوعات کی فروخت کے حوالے سے تاریخ کا اعلان کیاجائے گا۔جس کے بعد ایف بی آر سیلز سٹیمپ کے بغیر مارکیٹ میں موجود سگریٹ،چینی،سیمنٹ اور کھاد قبضے میں لے گا۔ اس سسٹم کی تنصیب کے بعد یہ صنعتیں ٹیکس سٹیمپ کے بغیر مارکیٹ میں اپنی مصنوعات نہیں بیچ سکیں گی۔

ذرائع کے مطابق صرف تمباکو کی صنعت سالانہ 200ارب روپے کا ٹیکس چوری کرتی ہے ،جس کے باعث حکومت کو براہ راست ٹیکس لگانا پڑتا ہے ،جس سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوںمیں بے پناہ اضافہ ہوتا ہے۔
Load Next Story