تدفین سے قبل بھارتی فوج علی گیلانی کی میت چھین کر لے گئے دفتر خارجہ

بھارتی فورسز نے علی گیلانی کا جسد خاکی اس وقت قبضے میں لیا جب ان کی تدفین کی تیاری کی جا رہی تھی، پاکستان


ویب ڈیسک September 02, 2021
قابض فورسز نے سید علی گیلانی کے خاندان کو ہراساں بھی کیا، ترجمان دفترخارجہ۔ فوٹو:سوشل میڈیا

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے سید علی گیلانی کے اہل خانہ کو ہراساں کیا اور میت چھین کر لے گئے اور تدفین وہاں نہیں ہوئی جہاں اہل خانہ چاہتے تھے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی قابض فورسز کی جانب سے سید علی گیلانی کا جسد خاکی قبضے میں لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے ان کی موت کے بعد بھی خوفزدہ ہے، سید علی گیلانی کے ساتھ ان کی موت کے بعد بھی غیر انسانی رویہ روا رکھا جا رہا ہے، یہ رویہ بھارتی قابض فورسز کے غیض و غضب ظلم اور بربریت کا غماز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سید علی گیلانی سری نگر میں سپرد خاک

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بہادر رہنما سید علی گیلانی کی تدفین کی تیاری کی جارہی تھی کہ بھارتی قابض فوج نے سری نگر میں سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپا مارا، قابض فورسز نے سید علی گیلانی کے خاندان کو ہراساں کیا اور سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر لے گئے اور نماز فجر سے قبل سری نگر کی حیدرپورہ جامع مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کردیا، جب کہ خاندان کے مطابق سید علی گیلانی کو سری نگر کے شہدا قبرستان میں سپردخاک کیا جانا تھا۔

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام سول اور انسانی اقدار کو پامال کر رکھا ہے، عالمی برادری غیر انسانی رویے پر بھارت کا احتساب کرے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کے اس ناروا رویے کا سخت نوٹس لے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں