اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کیخلاف 1 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

عدالتوں میں یقین ہے، سندھ ہائی کورٹ کے بعد کینیڈا میں بھی کیس دائر کروں گا، سابق شوہر نازیہ حسن

عدالتوں میں یقین ہے، سندھ ہائی کورٹ کے بعد کینیڈا میں بھی کیس دائر کروں گا، سابق شوہر نازیہ حسن - فوٹو:فائل

اشتیاق بیگ نے سندھ ہائی کورٹ میں گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کے خلاف 1 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر دعوے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نازیہ حسن کی 21ویں برسی پر گلوکار زوہیب حسن نے مجھ پر سنگین الزامات عائد کیے، میں ان الزامات کی تردید کرتا ہوں، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کی ہے کہ نازیہ حسن کینسر کے باعث چل بسیں۔

یہ خبر پڑھیں: نازیہ کو زہر دیا گیا مرنے سے قبل اس نے خود بتایا تھا، زوہیب حسن کا انکشاف


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اشتیاق بیگ نے کہا کہ 21 سال بعد زوہیب نے الزام لگائے ہیں، میں نے وکلا کے ذریعے زوہیب حسن کو ایک ارب ہرجانہ بھیجا تھا جس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا، میں عدالتوں میں یقین رکھتا ہوں، سندھ ہائی کورٹ کے بعد کینیڈا میں بھی کیس دائر کروں گا۔

گلوکارہ کے سابق شوہر نے کہا کہ زوہیب حسن نے میڈیا پر میرے خلاف جنگ چھیڑی ہے لیکن میں عدالتوں میں اپنا دفاع کروں گا، نازیہ سے کوئی اختلاف نہیں ہوا تھا، میں باہر تھا مجھ پر الزامات لگائے گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

اشتیاق بیگ نے کہا کہ نازیہ کی موت کی تحقیقات اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی کی تھی، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی قرار دیا تھا کہ موت کی وجہ کینسر تھی، زوہیب نے جو الزامات عائد کیے وہ بہت سنگین ہیں، الزامات کا مقصد میری شہرت کو نقصان پہنچانا تھا۔
Load Next Story