ٹی 20 رینکنگ پاکستان کی ٹاپ 3 میں انٹری

بنگلہ دیش سے شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر چلی گئی۔

بنگلہ دیش سے شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر چلی گئی ۔ فوٹو : فائل

ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان نے ٹاپ 3 میں انٹری دے دی۔

نیوزی لینڈ کی کمزور اور ناتجربہ کار ٹیم ان دنوں بنگلادیش میں موجود ہے، مگر ٹی 20 رینکنگ میں اس کا مقابلہ اپنے اگلے حریف پاکستان سے جاری ہے، پہلے میچ میں بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں شکست کی وجہ سے کیویز رینکنگ میں چوتھے نمبر پر چلے گئے۔


گرین شرٹس نے صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کی بدولت تیسری پوزیشن حاصل کرلی،مگر اس نمبر پرقدم مضبوط ہونے کا دارومدار نیوزی لینڈ کے سیریز میں باقی 4 میچز کے نتائج پر ہوگا، کیویز کم بیک سے دوبارہ تیسری پوزیشن سنبھال سکتے ہیں، ان کی اگلی منزل پاکستان ہی ہے۔

اگربابر اعظم الیون ہوم سیریز میں نیوزی لینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی پیش کرے تو ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل رینکنگ بہتر ہونے کے ساتھ حوصلے بھی بلند ہوجائیں گے۔

اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم کا اعزاز انگلینڈ کے پاس ہے،اس کے ریٹنگ پوائنٹس 278 ہیں، 273 پوائنٹس کے ساتھ بھارت دوسری پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے، تیسرے نمبر پر موجود پاکستان کے 261 پوائنٹس ہیں، نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، آسٹریلیا چھٹے اور بنگلہ دیش ساتویں نمبر پر ہے، افغانستان، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز بالترتیب آٹھواں، نواں اور دسواں نمبر سنبھالے ہوئے ہیں۔
Load Next Story