اداکار سدھارتھ شکلا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظرعام پر آگئی

اداکار سدھارتھ شکلا گزشتہ روز دل کے دورے کے باعث صرف 40 برس کی عمر میں چل بسے تھے


ویب ڈیسک September 03, 2021
اداکار سدھارتھ شکلا کی فیملی نے بھی ابھی تک کسی قسم کے شک و شبہ کا اظہار نہیں کیا فوٹوفائل

گزشتہ روز انتقال کرنے والے بھارتی ٹی وی کے معروف اداکار سدھارتھ شکلا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظرعام پر آگئی۔

گزشتہ روز 40 برس کی عمر میں دل کے دورے کے باعث انتقال کرجانے والے بھارتی ٹی وی کے معروف اداکار اور بگ باس 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سدھارتھ شکلا کو گزشتہ روز اچانک پڑنے والے دل کے دورے کے باعث فوراً ممبئی کے کوپر اسپتال لے جایا گیا۔ اداکار کی بہن، بہنوئی، کزن اور تین دوست انہیں ایمبولینس میں اسپتال لے کر پہنچے۔ جہاں ڈاکٹرز نے انہیں اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مردہ قرار دے دیاتھا۔ اداکار سدھارتھ شکلا کا پوسٹ مارٹم بھی کوپر اسپتال میں ہوا اور اب ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی ہے۔

اسپتال کے ڈاکٹرز کے مطابق سدھارتھ شکلا کی موت میں کوئی غلط کام نہیں ہوا یعنی اداکار کی موت کسی سازش کا نتیجہ نہیں تھی۔ سب سے اہم بات پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کوئی اندرونی یا بیرونی چوٹ کے نشان نہیں ملے۔ پولیس کے مطابق چونکہ لاش کو ڈائریکٹ اسپتال لایا گیا تھا اسلیے ڈبل چیک کیے جارہے ہیں۔ اداکار سدھارتھ شکلا کی فیملی نے بھی ابھی تک کسی قسم کے شک و شبہ کا اظہار نہیں کیا۔ یہاں تک کہ پولیس نے بھی اداکار کی موت کے حوالے سے کسی پر شک نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار سدھارتھ شُکلا دل کے دورے کے باعث چل بسے

میڈیا رپورٹس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈاکٹرز کی جانب سے کوئی حتمی رائے نہیں دی گئی۔ ابھی تمام رپورٹس زیرالتوا ہیں اور کچھ بھی حتمی نہیں ہے۔ اداکار کی موت کے حوالے سے ایک ہسٹوپیتھولوجی مطالعہ اور سی اے (کیمیکل تجزیاتی ) رپورٹ اداکار کی ''موت کی وجہ'' پر روشنی ڈالے گی۔

اداکار سدھارتھ شکلا کے پوسٹ مارٹم کو ویڈیو میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور پولیس کے سامنے اداکار کی لاش کا دوبارہ معائنہ کیا گیا۔ چونکہ یہ کیس حساس ہے اور سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے سابقہ تجربے سے سبق لیتے ہوئے پولیس کوئی چانس نہیں لینا چاہتی تھی لہذا ہر چیز کی ویڈیو گرافی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اداکار سدھارتھ شکلا گزشتہ روز دل کے دورے کے باعث صرف 40 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق سدھارتھ شکلا نے سونے سے قبل کچھ دوائیں کھائی تھیں اور اس کے بعد وہ بیدار ہی نہیں ہوئے۔ بعد ازاں اسپتال نے تصدیق کی کہ سدھارتھ شکلا کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اداکار سدھارتھ کی آخری رسومات آج دوپہر 12 بجے ادا کی جائیں گی۔

یاد رہے سدھارتھ شکلا بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامے ''بالیکا ودھو''، ''دل سے دل تک'' رئیلیٹی شو ''بگ باس''، ''خطروں کے کھلاڑی'' اور ''جھلک دکھلا جا 6'' میں نظر آئے تھے۔ وہ بگ باس 13 کے فاتح بھی تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کرن جوہر کی فلم ''ہمپٹی شرما کی دلہنیا'' میں بھی کام کیا تھا۔ بگ باس 13 جیتنے کے بعد سدھارتھ شکلا کو بے حد مقبولیت ملی تھی اور ان کا شمار بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا تھا۔ سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کو بالی ووڈ انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں