
سڈنی میں واقع ٹارونگا چڑیا گھر پچھلے کئی مہینوں سے کورونا وبا کی وجہ سے عوام کےلیے بند ہے لیکن وہاں موجود جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال کےلیے چڑیا گھر کا عملہ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
اسی چڑیا گھر میں ''سپرب لائربرڈ'' کہلانے والا ایک آسٹریلوی پرندہ بھی ہے جس کا سائنسی نام Menura novaehollandiae ہے۔
اس میں اپنے ماحول سے سیکھنے اور دوسروں کی نقل اتارنے کی حیرت انگیز صلاحیت ہے جس کا مظاہرہ یہ اکثر کرتا رہتا ہے۔
ٹارونگا چڑیا گھر کا عملہ چند روز قبل یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ یہ پرندہ کسی انسانی بچے کے رونے جیسی آواز میں چیخ رہا تھا۔
عملے کے ایک رکن نے فوراً اپنے اسمارٹ فون کیمرے سے یہ منظر فلما لیا جسے چڑیا گھر کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کرادیا گیا۔
Bet you weren't expecting this wake-up call! You're not hearing things, our resident lyrebird Echo has the AMAZING ability to replicate a variety of calls - including a baby's cry!
— Taronga Zoo (@tarongazoo) August 30, 2021
📽️ via keeper Sam #forthewild #tarongatv #animalantics pic.twitter.com/RyU4XpABos
اب تک یہ ویڈیو تقریباً پانچ لاکھ سوشل میڈیا صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس پر سیکڑوں کی تعداد میں تبصرے بھی کرچکے ہیں۔
ویڈیو میں سپرب لائربرڈ کی آواز، انسانی بچے کے رونے کی آواز سے اتنی ملتی جلتی ہے کہ ایک ٹوئٹر صارف نے یہاں تک لکھ دیا کہ اس ''آواز کو سن کر مائیں اپنے شیرخوار بچوں کو ڈھونڈنے نکل جائیں گی۔''