عالمی حجاب ڈے پر خواتین میں اسکارف اور آگاہی پمفلٹ تقسیم

حجاب عورت کیلئے خطرہ نہیں تحفظ ہے، عائشہ سید


جنرل رپورٹر September 04, 2021
حجاب عورت کیلئے خطرہ نہیں تحفظ ہے، عائشہ سید فوٹو: فائل

ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور احمد سلمان بلوچ نے عالمی حجاب ڈے کے حوالے سے وحدت روڈ پر مقامی ڈپارٹمنٹل اسٹور کے باہر خواتین میں اسکارف اور آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے۔

احمد سلمان بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں حجاب پر پابندی کی مذمت کے لیے اور حجاب کے شعور کے طور پر یہ دن منایا جاتا ہے، جرمنی میں خاتون مروہ شربینی کو حجاب لینے پر شہید کیا گیا تھا، حجاب ڈے منانے کا مقصد مروہ شر بینی کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کی سابق ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید کا کہنا ہے کہ حجاب عورت کیلئے خطرہ نہیں تحفظ ہے،دنیا بھر میں حجاب کی مخالفت اسلامی نظریے کی مخالفت ہے،پردہ اور حجاب کا دہشتگری یا پسماندگی سے کوئی تعلق نہیں، جماعت اسلامی ویمن ونگ دنیا بھر میں متاثرہ مسلمان خواتین سے اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

عالمی یوم حجاب کے موقع پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں عائشہ سید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، قرآن مجید میں عورت اور مرد دونوں کو پردے اور آنکھیں نیچے رکھنے کا حکم دیا ہے،قومیں معاشی بدحالی نہیں اخلاقی پستی سے تباہ ہوتی ہیں،ہم بطور قوم اخلاقی طور پر دیوالیہ ہوتے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ایسا معاشرہ بنائے جہاں نیکی آسان اور بدی مشکل ہو،افغانستان میں خواتین کے پردہ کے حوالے سے طالبان کے اقدام کو سراہتے ہیں،خواتین پردہ کے اندر رہ کر معاشرتی ترقی میں کردار ادا کرسکتی ہیں،معاشرے کو اسلام کے نظام حجاب کا پابند کیا جائے تاکہ مینار پاکستان اور نور مقدم جیسے واقعات نہ ہوں،دنیا حجاب کی مخالفت کے بجائے اس کی افادیت کو محسوس کرے، دنیا مسلمان خواتین کو حجاب اختیار کرنے کا بنیادی انسانی حق دے،اشتہارات اور ڈراموں میں عورت کا استحصال بند کیا جائے۔جماعت اسلامی ویمن ونگ دنیا بھر میں متاثرہ مسلمان خواتین سے اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں