گلشن حدید میں بھتیجے نے گھر میں گھس کر چچی کو قتل کر دیا

مقتولہ نے 2012 میں پہلے شوہر کے انتقال کے بعد دوسری شادی کرلی تھی، پولیس


ویب ڈیسک September 05, 2021
مقتولہ نے 2012 میں پہلے شوہر کے انتقال کے بعد دوسری شادی کرلی تھی، پولیس۔(فوٹو:فائل)

گلشن حدید میں خاندانی رنجش پر بھتیجے نے گھر میں گھس کر چچی کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید فیز ٹو جہانگیر ہوٹل کے قریب مکان کے اندر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔

اس بارے میں ایس ایچ او گلشن حدید ممتاز مروت کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت 45 سالہ گلشاد بی بی کے نام سے ہوئی جسے اس کے بھتیجے نے فائرنگ کر کے قتل کیا، مقتولہ نے 2012 میں پہلے شوہر کے انتقال کے بعد دوسری شادی کرلی تھی۔

مقتولہ کے پہلے شوہر سے 6 بچوں ہیں جن میں سے 2 بیٹیوں کی شادی کر دی تھی، انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کے پہلے شوہر کے رشتے داروں کو اس بات پر اعتراض تھا کہ اس نے دوسری شادی کیوں کی۔

مقتولہ اسکول میں آیا کی ملازمت کرتی تھی اور اس کا تعلق بلوچستان سے بتایا جاتا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے 30 بور پستول کے 2 خول قبضے میں لے لیے، جب کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں