وزیراعظم کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو فون افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

افغانستان میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی استحکام کے لیے بین الاقوامی برادری کی ضرورت ہے، وزیراعظم


ویب ڈیسک September 05, 2021
افغانستان میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی استحکام کے لیے بین الاقوامی برادری کی ضرورت ہے، وزیراعظم (فوٹو : فائل)

QUETTA: وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ٹیلی فون کیا جس میں دونوں جانب سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ٹیلی فونک گفتگو میں افغانستان میں امن، استحکام اور ایک جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان میں 40 سال سے جاری تنازع کو بالآخر ختم کرنے کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے، افغانیوں کو پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی حاصل ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے انسانی ضروریات کو پورا کرنے، معاشی استحکام کے لیے بین الاقوامی برادری کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ اقدامات سیکیورٹی حالات کو بہتر بنانے کے ساتھ افغانوں کے بڑے پیمانے پر انخلا کو بھی روکیں گے، ان اقدامات سے افغانستان میں پناہ گزینوں کے بحران کو روکا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے افغان عوام کو انتہائی ضروری انسانی امداد پہنچانے میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کو سراہا، وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کو فراہم کی جانے والی سہولت کا بھی ذکر کیا، وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل کو انخلا اور نقل مکانی کی کوششوں میں پاکستان کی معاونت سے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے مشن کی تکمیل میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں