کراچی میں چند روز بعد مزید بارشوں کی پیش گوئی

خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بن گیا ہے جس کے اثرات اگلے چند روز میں سندھ پر نمودار ہوسکتے ہیں، محکمہ موسمیات


Staff Reporter September 05, 2021
خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بن گیا ہے جس کے اثرات اگلے چند روز میں سندھ پر نمودار ہوسکتے ہیں، محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

محکمہ موسمیات نے کراچی میں 9 ستمبر سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بن گیا ہے جس کے اثرات اگلے چند روز میں سندھ پر نمودار ہوسکتے ہیں، ہوا کا کم دباؤ درمیانی شدت کے مون سون بارشوں کے سسٹم کی شکل میں 7 اور 8 ستمبرکو سندھ میں داخل ہوگا، نتیجے میں 8 ستمبر سے مشرقی سندھ اور 9 ستمبر سے کراچی میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے، بارش کا سسٹم سینٹرل انڈیا اور بھارتی راجستھان سے سندھ کا رخ کرے گا، کراچی میں اس سسٹم کے زیر اثر بارشوں کی شدت کے حوالے سے 7 ستمبر کو وثوق سے پیش گوئی کی جاسکے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دنوں شہر میں 133 ملی میٹر بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سسٹم مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے، اتوار کو سمندر کی غیر فعال ہوائیں مکمل طور پر بحال رہیں جس کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، اتوار کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.1 ڈگری جبکہ کم سے کم 24.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جب کہ پیر کو مطلع صاف اور جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔