افغان جنگ ختم ہوگئی اب جلد ازجلد حکومت کا اعلان کریں گے ترجمان طالبان

افغانستان کے نئے آئین پر کام کر رہے ہیں جس کا ماخذ قرآن و حدیث ہوگا، ذبیح اللہ مجاہد

ملک کے اسلامی آئین کی تشکیل پر بھی کام جاری ہے، ذبیح اللہ (فوٹو: فائل )

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہائیوں سے جاری جنگ ختم ہوگئی اور اب ساری توجہ حکومت سازی پر مرکوز ہے بہت جلد حکومت کا اعلان کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس میں حکومت سازی میں تاخیر کی وجہ طالبان کے اندرونی اختلافات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں بھی حکومت کے اعلان کی جلدی ہے، تاخیر کی وجہ اندرونی اختلافات نہیں بلکہ کچھ تکنیکی مسائل ہیں جن پر مشاورت جاری ہے۔

یہ خبر پڑھیں : پنجشیر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، ترجمان طالبان

ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ابھی افغان فوج میں شامل اہلکاروں کی دوبارہ نوکری پر واپسی پر کام کر رہے ہیں کیوں کہ ہمیں پولیس، فوج اور انٹیلیجنس میں پیشہ ور، تربیت یافتہ اور تجربہ کار لوگوں کی ضرورت ہے۔


یہ خبر بھی پڑھیں : پاکستان کی مختلف معاملات پر تشویش جائز ہے، ترجمان طالبان

طالبان ترجمان نے کہا ہے کہ سب کے لیے قابل قبول ملک کے نئے آئین پر کام کر رہے ہیں جس کا منبع قرآن و حدیث ہوگا اس کے علاوہ افغان فوج کو منظم اور تنظیم نو کرنے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ یہ چیزیں بھی حکومت سازی میں تاخیر کا باعث بن رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض نے ملا برادر سے بھی ملاقات کی، ترجمان طالبان

واضح رہے کہ کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے کہا تھا کہ حکومت سازی امریکی فوج کے انخلا کے بعد کی جائے گی اور جمعے کے روز اعلان بھی ہونا تھا تاہم اسے ایک کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔
Load Next Story