پاکستان افغانستان کیساتھ کھڑا ہے اور امید ہے دنیا بھی تنہا نہیں چھوڑے گی آرمی چیف

کشمیریوں کی ہرسطح پرحمایت جاری رکھیں گے، دشمن آزمانا چاہتا ہے تو ہمیں ہرمحاذ پر تیار پائے گا، آرمی چیف


ویب ڈیسک September 06, 2021
امن پسندی کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، جنرل قمر جاوید باجوہ - فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حفاظت وسلامتی کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اگر دشمن آزمانا چاہتا ہے تو وہ ہمیں ہر لمحہ اور ہر محاذ پر تیار پائے گا۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع وشہدا کی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا سمیت کابینہ کے ارکان شریک ہوئے۔ تقریب میں شہدا کے لواحقین، غازی، حاضر سروس، ریٹائرڈ عسکری حکام اورجوان بھی شریک تھے۔

دفاع وطن کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں

یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دفاع وطن ایک مقدس فریضہ ہے جو ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، ہر آزمائش میں ہم نے ثابت کیا کہ پاک فوج اپنے وطن کا دفاع کرنا جانتی ہے، دفاع وطن کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دشمن ہمیں ہم ہر لمحہ اور ہر محاذ پر تیار پائے گا

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل گئی ہے، پاکستان کی حفاظت وسلامتی کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور دشمن آزمانا چاہتا ہے تو ہمیں ہر لمحہ اور ہر محاذ پر تیار پائے گا، دشمن کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے جب کہ آپ کے پیاروں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، ہم اپنے شہیدوں کو کبھی نہیں بھولے۔

کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیرکی حیثیت کلیدی ہے، کشمیرکی سفارتی، اخلاقی اورسیاسی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں سیدعلی گیلانی کی طویل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مشکل وقت میں افغانستان کوتنہا نہیں چھوڑیں گے

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں افغانستان کوتنہا نہیں چھوڑیں گے، امید کرتے ہیں دنیا اس مشکل وقت میں افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے اور افغانستان میں قیام امن کیلئے دنیا سے ہرقسم کے تعاون کیلئے تیارہیں جب کہ افغان عوام نے جنگ کے دوران بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے، غیرملکی انخلا کے بعد افغانستان میں قیام امن کا ایک موقع ملا ہے، افغانستان میں خواتین سمیت انسانی حقوق کااحترام ہونا چاہیے۔

دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ طاقت کا استعمال صرف اورصرف ریاست کا اختیار ہے، کسی شخص کوعلاقائی یا لسانیت کی بنیاد پرریاست کوبلیک میل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ہمیں اندرونی خلفشار پھیلانے والےعناصر کیساتھ سختی سے نمٹنا ہوگا، کچھ لوگ ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلتے ہیں، دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جمہوریت میں پاکستان کی مضبوطی اور بقا ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ جمہوریت میں پاکستان کی مضبوطی اوربقا ہے، ہم سب کوآئین کی پاسداری، برداشت اوررواری کوفروغ دینا ہوگا، پاکستان کواعتدال پسنداورجدید اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے، تنقید برائے تنقید اور ذاتی عناد کو پس پشت ڈالنا ہوگا، روایتی یاغیرروایتی جنگ ہوپاک فوج نے ہرچیلنج کا مقابلہ کیا تاہم عوامی تعاون کے بغیرکوئی بھی فوج ہو وہ ریت کی دیوارثابت ہوتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔