کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش

آئندہ ایک سے دو روز شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک September 07, 2021
بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے فوٹو: فائل

شہر قائد اور گرد و نواح میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں گزشتہ روز کی شدید گرمی کے بعد موسم ایک مرتبہ پھر خوشگوار ہوگیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، ہلکی بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن ہونے سے درجنوں موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہوئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

چیف میٹرلوجسٹ کراچی سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ ٹھٹہ اور کراچی کے درمیان مقامی سطح پر ہوا کا کم دباؤ بنا ہے اور بحیرہ عرب سے ملنے والی نمی کے باعث یہ بادلوں کی شکل اختیار کرگیا، اس کے علاوہ بھارت میں موجود بارشوں کے سسٹم کے اثرات بھی سندھ میں داخل ہورہے ہیں، ایک سے دوروز کے دوران شہر کا موسم جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، اس دوران ہلکی بارش اور بونداباندی بھی ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر کے الیکٹرک کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں،غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے بارش میں جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں، حفاظتی انتظامات کے پیش نظر، زیادہ کنڈے والے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کی جاسکتی ہے، بارش کی صورت میں میں شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی/انٹرنیٹ کیبلز، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے، بجلی سے متعلق شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں