پی سی بی نے پلیئرز سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا

کے سی سی اے کے اقدام کیخلاف معاملے کی سماعت آج نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگی

کے سی سی اے کے اقدام کیخلاف معاملے کی سماعت آج نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
پی سی بی نے کے سی سی اے کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹرز فواد عالم، سہیل خان اور انٹرنیشنل کرکٹر خالد لطیف پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔


بورڈ کے سینئر جنرل منیجر شفیق پاپا اور قانونی مشیربیرسٹر سلیمان نفیس جمعرات کی صبح نیشنل اسٹیڈیم میں اس حوالے سے سماعت کریں گے، بورڈ نے فریقین کو تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، 2 رکنی کمیٹی بیانات کی روشنی میں اپنی رپورٹ چیئرمین ذکا اشرف کو پیش کرے گی، مذکورہ کھلاڑیوں کوگذشتہ مارچ میں قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ رائونڈ میچ میں کراچی ڈولفنز کے کوچ سابق ٹیسٹ اسپنر توصیف احمد سے نازیبا رویہ اختیار کرنے، بدکلامی اور نامناسب زبان استعمال کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا،کے سی سی اے کونسل نے 18 اپریل 2013کو اپنے اجلاس میں30سالہ سہیل خان پر ایک برس تک کراچی کی جانب سے کسی بھی ڈومیسٹک میچ میں شرکت نہ کرنے کی پابندی عائد کی تھی،28سالہ فواد عالم اور29 سالہ خالد لطیف پر اگلے قومی ٹی ٹوئنٹی سیزن میں حصہ نہ لینے کی پابندی لگی تھی،یہ ایونٹ6 فروری سے شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ خالد لطیف رواں ماہ دوسری مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے قصور وار پائے گئے، پریذیڈنٹ ٹرافی میں یو بی ایل کیخلاف سائوتھ اینڈ کلب پر پورٹ قاسم اتھارٹی سے میچ کے دوران گرائونڈ اور بعد ازاںڈریسنگ روم میں بد زبانی اور جھگڑا کرنے پر میچ ریفری سابق ٹیسٹ کرکٹر انور خان نے خالد لطیف اور ساتھی کھلاڑی تنویر احمد پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا، ساتھ ہی آئندہ کے لیے وارننگ بھی جاری کی گئی تھی، دریں اثنا رابطے پر کے سی سی اے کے اس وقت کے صدر سراج الاسلام بخاری نے کہا کہ وہ مذکورہ فیصلہ سے لا علم رہے، سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی نے کونسل سے یہ فیصلہ کرایا، انھوں نے کہا کہ بورڈ یہ فیصلہ کالعدم قرار دینے کا قانونی استحقاق استعمال کرسکتا ہے۔
Load Next Story