وفاقی کابینہ نے نئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی منظوری دے دی

کامران علی افضل چیف سیکرٹری پنجاب جب کہ راؤ سردار آئی جی پنجاب تعینات

پی ٹی آئی کے 3 سالہ دور اقتدار میں پنجاب میں ساتویں آئی جی تعینات ہوئے ہیں فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ نے پنجاب میں نئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں دیگر معاملات کے علاوہ پنجاب میں نئے چیف سیکرٹری اور آئی جی کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔


کابینہ نے راؤ سردار کو آئی جی پنجاب جب کہ کامران علی افضل چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔دونوں کی تعیناتی کے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ سابق آئی جی پنجاب انعام غنی کو آئی جی پاکستان ریلویز پولیس تعینات کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے 3 سالہ دور اقتدار میں پنجاب میں ساتویں آئی جی تعینات ہوئے ہیں، 2018 میں موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی تو سید کلیم امام آئی جی پنجاب تھے، انہوں نے یہ عہدہ 3 ماہ سے بھی کم عرصے تک سنبھالا، وہ 13 جون سے 11 ستمبر 2018 تک آئی جی پنجاب رہے، سید کلیم امام کے بعد محمد طاہر اس عہدے پر براجمان ہوئے لیکن انہیں ایک ماہ ہی میں ہٹادیا گیا، انہوں نے 11 ستمبر سے 15 اکتوبر 2018 تک یہ ذمہ داریاں سنبھالیں، امجد جاوید سلیمی 15 اکتوبر 2018 سے 17 اپریل 2019 تک آئی جی پنجاب رہے۔

امجد جاوید سلیمی کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کو پنجاب کا نیا آئی جی پولیس بنایا گیا، وہ 17 اپریل 2019 سے 28 نومبر 2019 تک اس عہدے پر رہے، موجودہ حکومت کے پانچویں آئی جی شعیب دستگیر تھے جو 28 نومبر 2019 سے 9 نومبر 2020 تک محکمہ پولیس کے سربراہ رہے، ان کے بعد انعام غنی آئی جی پنجاب پولیس مقرر ہوئے جو 8 ماہ سے زائد عرصے تک اس عہدے پر براجمان رہے۔
Load Next Story