220 گز کے بدلے صرف 8 گز زمین دینے پر عدالت حیران

85 سالہ بزرگ 39 سال سے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور


کورٹ رپورٹر September 07, 2021
85 سالہ بزرگ 39 سال سے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

جیکب لائن کا 85 سالہ بزرگ 39 سال سے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے، اس کی 220 گز زمین کے بدلے میں صرف 8 گز زمین کا سن کر عدالت بھی حیران ہوگئی۔

سندھ ہائیکورٹ نے درخواست پر ڈی جی کے ڈی اے سے وضاحت طلب کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ کے روبرو 220 گز زمین کے بدلے، صرف 8 گز زمین دینے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار گلزار حسین کی فریاد نے بتایا کہ کیس کو 11 سال ہوگئے ، مجھے سنائی کم دیتا ہے، میرا کیس سن لیں۔ جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیئے بابا جی، اپ کا کیس کیا ہے؟۔

معمر بزرگ شہری نے کہا کہ 1982 میں میرا گھر لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ کی نذر ہوگیا۔ بدلے میں مجھے صرف آٹھ گز کمرشل زمین دے دی گئی۔ فائل کا جائزہ لینے کے بعد عدالت بھی حیران ہوگئی۔

جسٹس عرفان سعادت خان نے استفسار کیا آپ کا وکیل کہاں ہے؟ معمر بزرگ نے کہا وکیل آتا نہیں، خود ہی کھڑا ہو گیا ہوں۔ جسٹس عرفان سعادت نے ریمارکس دیئے آپ کا کیس ترجیہی بنیاد پر سنیں گے۔

عدالت نے ڈی جی کے ڈی اے سے وضاحت طلب کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے فریقین سے جواب اور سرکاری وکیل کو خصوصی توجہ دینے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں