ماضی میں حکومتیں معاشی حب کراچی کو نظرانداز کرتی رہیں وزیراعظم

وفاقی حکومت پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی، عمران خان


ویب ڈیسک September 07, 2021
(فوٹو : فائل)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں حکومتیں کراچی کو نظرانداز کرتی رہی ہیں لیکن پی ٹی آئی کی حکومت کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

یہ بات وزیراعظم نے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں اسد عمر نے وزیراعظم کو کراچی کی ترقی کے لیے جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں ںے وزیراعظم کو بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے (KCR) کی منظوری کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی، ماضی میں حکومتیں ملک کے اقتصادی مرکز کراچی کو نظر انداز کرتی رہیں۔



انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزگار کے لیے مزدوروں و افرادی قوت کی صنعتوں تک آسان رسائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ملاقات کی جس میں پارٹی امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں افغانستان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر صنعت خسرو بختیار سے ملاقات

دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کو انڈسٹریل زونز کی تعمیر، برآمدی ہدف کے حصول، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کے لیے اقدامات اور آٹو پالیسی پر عمل درآمد اور پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداوار رواں مالی سال کے لیے طے شدہ ہدف سے تجاوز کرنے کی امید ہے جو کہ ملکی اقتصادی صورتحال کے لیے خوش آئند ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں