سانحہ مہران ٹاؤن میں ملزمان کی ضمانت مسترد احاطہ عدالت سے گرفتار

ملزمان میں فیکٹری مکان مالک طارق فیصل، فیکٹری مالک علی حسن میتھا اور منیجر عمران زیدی شامل ہیں


ویب ڈیسک September 07, 2021
ملزمان میں فیکٹری مکان مالک طارق فیصل، فیکٹری مالک علی حسن میتھا اور منیجر عمران زیدی شامل ہیں - فوٹو:فائل

مقامی عدالت نے سانحہ مہران ٹاؤن فیکٹری کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی ضمانت مسترد کردی جبکہ مکان مالک طارق فیصل نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس کو چکمہ نہ دے سکا اور دھر لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کے روبرو سانحہ مہران ٹاؤن فیکٹری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ مکان مالک ملزم فیصل کے وکیل حسیب جمالی نے مؤقف دیا کہ عمارت میں کمرشل پی ایم ٹی نصب ہے، اگر اندرونی خرابی کی وجہ سے آگ لگی تو مالک مکان ذمہ دار نہیں، آگ لگنے کے بعد بھی پی ایم ٹی محفوظ رہا۔

فیکٹری مالک کے وکیل حسان صابر ایڈوکیٹ نے مؤقف دیا کہ فیکٹری چلتی ہوئی حالت میں کرائے پر لی گئی تھی، فیکٹری میں ہنگامی اخراج کا راستہ موجود تھا، اگر فیکٹری غیر قانونی تھی تو ادارے کہاں سورہے تھے، کیا یہ ایک ہی فیکٹری ہے اس علاقے میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے۔

سرکاری وکیل عامر ابراہیم دستی نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان نے رہائشی علاقے میں فیکٹری قائم کی تھی، 17 بے گناہ لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔

عدالت نے مؤقف سننے کے بعد مقدمے میں نامزد مکان مالک، فیکٹری مالک اور مینجر کی عبوری ضمانت مسترد کردی۔ ملزمان میں فیکٹری مکان مالک طارق فیصل، فیکٹری مالک علی حسن میتھا اور منیجر عمران زیدی شامل ہیں۔ مالک مکان طارق فیصل نے ضمانت مسترد ہونے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں