مہنگائی اور بیروزگاری پاکستان کے سب سے اہم مسائل سروے

 کورونا وائرس اور بڑھتی ہوئی غربت بھی پریشان کُن مسائل کی فہرست میں شامل۔

 74 فیصد شہری اپنی ملازمت سے متعلق عدم تحفظ کا شکار، معیشت کمزور رہنے کی توقع ۔ فوٹو : فائل

مہنگائی اور بیروزگاری پاکستانی عوام کے لیے سب سے پریشان کُن مسائل ہیں۔

ایک سروے میں رائے دہندگان کی اکثریت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کو سب سے پریشان کُن ایشوز قرار دیا۔ بیشتر شہریوں نے اس رائے کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران معیشت کمزور رہے گی۔ تاہم خراب مالی صورتحال کے باوجود شہریوں کے اعتماد میں بہتری نظر آرہی ہے۔


عالمی مارکیٹ ریسرچ اور کنسلٹنگ فرم Ipsos کے رواں ماہ کیے گئے سروے میں لوگوں سے معیشت پر ان کے اعتماد، ایک سال کے قبل کے مقابلے میں موجودہ صورتحال، سرمایہ کاری کے فیصلوں، روزگار کے تناظر اور ان کے لیے سب سے پریشان کُن مسائل سے متعلق پوچھا گیا تھا۔

سروے کے 73 فیصد شرکا نے مہنگائی اور دو تہائی نے بیروزگاری کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔ سروے میں ملک بھر سے 1100افراد کی رائے لی گئی۔ کورونا وائرس اہم ترین مسائل کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا اور اس کے بعد شرکا نے بڑھتی ہوئی غربت کو اہم مسئلہ قرار دیا۔ پانچ میں سے ایک فرد نے رائے دی معیشت مضبوط ہے۔

43 فیصد نے کہا کہ معیشت نہ تو کمزور ہے اور نہ ہی مضبوط۔ شرکا کی اتنی ہی تعداد کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت آئندہ 6 ماہ میں کمزور رہے گی۔ 74 فیصد شہری اپنی ملازمت سے متعلق عدم تحفظ کا شکار تھے۔
Load Next Story