مظفرگڑھ میں خاتون پولیس افسرسے زیادتی کا معاملہ نیا رخ اختیارکرگیا

سی سی ٹی وی فوٹیج نے معاملے کی صداقت کے حوالے سے شکوک وشبہات کوبڑھا دیا ہے، پولیس ذرائع


ویب ڈیسک September 08, 2021
فوٹیج میں تھانہ سٹی سے نکلتی ایک پولیس اہلکارکوکارمیں اپنی مرضی سے بیٹھتے بھی دیکھا جاسکتا ہے، پولیس ذرائع

لیڈی سب انسپکٹرکے مبینہ اغواء، تشدد اورزیادتی کے الزامات کے معاملے میں سی سی ٹی وی فوٹیج نے معاملے کونیا رخ دے دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق مظفر گڑھ میں لیڈی سب انسپکٹر کے مبینہ اغواء، تشدد اور زیادتی کے الزامات کا معاملے میں تھانہ سٹی کی 4 ستمبر کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے معاملے کو نیا رخ دے دیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج نے معاملے کی صداقت کے حوالے سے شکوک وشبہات کو بڑھا دیا ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: مظفرگڑھ میں خاتون پولیس افسر کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کی مبینہ کار اورملزم کو دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں تھانہ سٹی سے نکلتی ایک پولیس اہلکار کو کار میں اپنی مرضی سے بیٹھتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ کارمیں بیٹھنے والی اہلکارمقدمے کی مدعی لیڈی سب انسپکٹرہی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی تاریخ اوروقت بھی بتائے گئے واقعے کے حوالے سے میچ کرتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کارمیں بیٹھنے والی خاتون کی عبایا اوراسکارف کا رنگ بھی وہی ہے جو لیڈی سب انسپکٹر کی میڈیکل رپورٹ میں درج ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے بعد لیڈی سب انسپکٹرکے ملزم کاشف کے ساتھ تعلق کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اغواء کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں نظر آرہے۔ تاہم نئے حقائق سامنے آنے کے بعد کیس کی ایک نئے پہلو سے تحقیقات شروع کردی گئیں۔

واضح رہے کہ 3 روزقبل مظفرگڑھ میں خاتون پولیس افسرکو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ تشدد اورزیادتی کے بعد سفاک ملزم خاتون پولیس انسپکٹر کو جائے وقوعہ پرہی چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔