ایون فیلڈ ریفرنس مریم نواز کے وکیل نے کیس کی پیروی سے معذرت کرلی

عدالت نے مریم نواز کو دوسرا وکیل کرنے کے لیے 23 ستمبر تک مہلت دے دی


ویب ڈیسک September 08, 2021
میرے وکیل امجد پرویز کووڈ کی وجہ سے بیمار ہیں، مریم نواز۔

مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز نے کیس کی پیروی معذرت کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں پر کیس میں نیا موڑ سامنے آ گیا ہے، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز نے کیس کی مزید پیروی سے معذرت کرلی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر عدالت میں پیش ہوئے، لیکن ان کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

مریم نواز نے روسٹرم پر آکر بتایا کہ میرے وکیل امجد پرویز کووڈ کی وجہ سے بیمار ہیں اور انہوں نے دو روز قبل میرے کیس میں مزید وکالت سے معذرت کر لی ہے، میں ایک اور پٹیشن فائل کرنا چاہتی ہوں، میری اپیل سننے سے پہلے میرٹ کی بجائے اس پٹیشن کو سنا جائے، میں کچھ حقائق ایک اور پٹیشن کے ذریعے سامنا لانا چاہتی ہوں، مجھے وکیل کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا جائے، اپیل کے میرٹ پر دلائل سے قبل اس پٹیشن کو سنا جائے۔ عدالت نے مریم نواز کو دوسرا وکیل کرنے کے لیے 23 ستمبر تک مہلت دے دی۔

سماعت کے بعد مریم نواز کی میڈیا سے بات

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب سے امجد پرویز کو کورونا ہوا ہے ان کی کمر میں تکلیف ہے، ایک ہفتے میں دو مرتبہ سفر کرنا ممکن نہیں، عدالت نے وکیل کو تبدیل کرنے کی بھی اجازت دی ہے، اس بینچ کے سامنے کیس کھولنا چاہتی ہوں، یہ چیز قوم کے سامنے رکھنا چاہتی ہوں، عوام کے سامنے کیس کا کٹھا چٹھا سامنے لانا چاہتی ہوں، اپنے خلاف کیس کا کچا چٹھا کھولنے والی پٹیشن دائر کرنے والی ہوں، پہلے یہ جانا جائے کہ مجھ پر کیس کیوں اور کس نے بنایا اور کیا محرکات تھے، کب تک مخالفین کو نااہل کرواتے رہیں گے، آمریت کے ساتھ حکومت کو بھی ختم ہونا ہے، حکومت کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے آچکا ہے۔

صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ چوہدری نثار کے مطابق پیپلز پارٹی اچھی سیاست کررہی ہے۔ جس پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اس بات پر کوئی کمنٹ نہیں کرنا چاہتی، میں اس بات کو کمنٹ کے بھی قابل نہیں سمجھتی۔ ، شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں، اگر پارٹی شہباز شریف کو وزیر اعظم نامزد کرتے ہی تو ہم حمایت کریں گے، پارٹی شہباز شریف کو وزیر اعظم نامزد کرتی ہے تو ہم سپورٹ کریں گے، جب الیکشن کا اعلان ہوگا تب ن لیگ اپنے وزیر اعظم کے نام کا اعلان کرے گی۔

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ افغان عوام کے معاملے پر وہاں کی عوام کو دیکھنا ہے، افغانستان کے اندرونی معاملات میں دخل نہیں دینا چاہیے، افغان معاملے پر عالمی برادری سے مل کر کام کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں