آرمی چیف سے یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات افغانستان میں پاکستان کے کردار کو سراہا

پاکستان یورپی ممالک کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف


ویب ڈیسک September 08, 2021
پاکستان یورپی ممالک کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر مسز انڈرولا کمینارا نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاکستان اور یورپی یونین کے ممالک کے مابین باہمی تعاون کے امور بھی زیر غور آئے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان یورپی ممالک کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان یورپین یونین کیساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔

یورپی یونین کی سفیر مسز انڈرولا کمینارا نے افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا اور مختلف ممالک کے اہلکاروں اور عملے کے انخلاء میں پاکستان کے تعاون پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔

سفیر نے علاقائی استحکام اور خطے میں فروغ امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان ہر سطح پر سفارتی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں