قبضہ ‏گروپ نہیں چاہتا نظام میں بہتری آئے وزیراعظم  

وزیراعظم نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کیڈیسٹریل میپنگ منصوبے کا آغاز کردیا


ویب ڈیسک September 08, 2021
وزیراعظم نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کیڈیسٹریل میپنگ منصوبے کا آغاز کردیا

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ طاقتور لوگ زمینوں پرقبضہ کرکے پیسہ بناتے ہیں اور قبضہ ‏گروپ نہیں چاہتا نظام میں بہتری آئے۔

وزیراعظم عمران خان نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کیڈیسٹریل میپنگ منصوبے کا آغاز کردیا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانی ناجائز قبضوں سے زیادہ متاثر ہیں، مافیا نہیں چاہتا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہو، ٹیکنالوجی قبضہ گروپوں کو شکست دے گی، اگلے مرحلے میں لوگ زمینوں کا انتقال گھر بیٹھے آن لائن کرا سکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے ہر کوئی اپنے پلاٹ کو کمپیوٹر پر دیکھ سکے گا، لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ نہ کرنے سے طاقتور لوگوں کو فائدہ ہوتا رہا، پچاس فیصد عدالتوں میں کیسز قبضہ گروپوں سے متعلق ہوتے ہیں،قبضہ گروپ کو اب یہ ٹیکنالوجی شکست دے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے ملک میں قانون کا یکساں نفاذ ضروری ہے، جائیدادوں پر ناجائز قبضے سے سب سے زیادہ بیرون ملک مقیم پاکستانی متاثر ہو رہے تھے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اگر مناسب ماحول فراہم کر دیں تو وہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تین سالوں میں اربوں روپے کی سرکاری زمینوں پر قبضے چھڑائے، اسلام آباد میں 300 ارب کی زمین پر قبضے تھے، جنگلات کی ایک ہزار ایکڑ زمین پر قبضے ہوئے تھے، ریکارڈ ڈیجیٹلائز ہونے سے قبضوں کا پتا چل جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ قبضہ ‏گروپ نہیں چاہتا نظام میں بہتری آئے طاقتور لوگ زمینوں پرقبضہ کرکے پیسہ بناتے ہیں، حکومت ٹیکنالوجی کااستعمال کرکے آسانیاں پیدا کرے گی، زمینوں کی قیمتیں بہت تیزی ‏سے بڑھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔