
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈائریكٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ كی ہدایات پر شہر بھر میں غیر معیاری و زائد المعیاد خوراک اور ممنوعہ اشیا کی روک تھام کے لیے كارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ ٹیم نے لورالائی میں كھانے پینے كے مختلف مراکز کا معائنہ کیا اور مضر صحت گوشت، ایكسپائرڈ غذائی اشیا، اجینو موتو، گٹكا پان پراگ فروخت كرنے پر 7 جنرل اسٹورز پر جرمانہ عائد کردیا گیا ۔
کارروائی کے دوران گوشت کی دکانوں پر گندگی، گوشت باہر لٹكانے، گندے اوزار و كٹنگ بورڈز پر 3 دكانوں، جب كہ صفائی كی ابتر صورت حال و ملازمین كی ذاتی صفائی نہ ہونے سمیت مختلف وجوہات پر 3 ہوٹلوں پر جرمانے عائد كردئیے گئے۔
اسی طرح اوستہ محمد ضلع جعفرآباد میں بھی ہولسیل ٹریڈرز اور جنرل اسٹورز كے علاوہ متفرق اشیائے خوردونوش كے مراكز كی چیكنگ كی گئی، اس دوران بی ایف اے حكام نے 2 ہولسیل ٹریڈرز كو ممنوعہ و مضر صحت اجینو موتو(چائنیز نمك)، گٹكا اورپان پراگ فروخت كرنے پر جرمانہ عائدكردیا۔
فوڈ اتھارٹی نے قبضے میں لی گئی مضر اور ایکسپائر اشیا کو موقع پر ہی تلف کرکے دکان داروں کو تنبیہ اور نوٹس جاری کردیے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔