کورونا قواعد کی خلاف ورزی پر 26 دکانیں سیل 57 دکان دار گرفتار

دکاندار کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں ورنہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر


ویب ڈیسک September 09, 2021
دکاندار کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں ورنہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر - فوٹو:فائل

کورونا قواعد کی خلاف ورزی پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے 26 دکانیں سیل کر کے 57 دکان داروں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کا کہنا ہے کہ شہر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 31 ریسٹورنٹس اور 26 دکانیں سیل کی گئیں، پابندی کے باوجود ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھلایا جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 57 دکانداروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انتظامی افسران نے پشاور بھر میں رات کے اوقات میں بازاروں کا معائنہ کیا، انتظامی افسران نے یونیورسٹی روڈ، صدر، ورسک روڈ، دلہ زاک روڈ، رنگ روڈ اور اندرون شہر بازاروں کا معائنہ کیا۔

کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا کہ انتظامی افسران کا پشاور بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے، دکاندار بازاروں میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صوبے میں مزید 25 افراد جاں بحق

دریں اثنا خیبرپختونخوا میں کورونا سے مزید 25 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 5200 ہوگئی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا کے نئے 590 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 67 ہزار 154 ہوگئی۔ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 415 افراد صحت یاب ہوئے، ایک روز میں کورونا کے 11637 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔