این سی او سی کا 24 اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت تعلیم نے اسکولوں کو ایک ہفتہ بند رکھنے، 50 فیصد حاضری یا ہفتے میں تین دن اسکول کھولنے کی تجاویز دی تھیں


ویب ڈیسک September 09, 2021
وزارت تعلیم نے اسکولوں کو ایک ہفتہ بند رکھنے، 50 فیصد حاضری یا ہفتے میں تین دن اسکول کھولنے کی تجاویز دی تھیں (فوٹو : فائل)

این سی او سی نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر کے 24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے ایک بار پھر مزید ایک ہفتہ کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این سی او سی نے کورونا پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے 24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بھر رہیں گے۔

اطلاعات کے مطابق کورونا کی تمام پابندیوں کا اطلاق ملک بھر کے 24 حساس اضلاع میں 15 ستمبر تک رہے گا، توسیع کا یہ فیصلہ کورونا صورتحال کے سبب ہیلتھ سسٹم پر پڑنے والے دباؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ان اضلاع میں ان ڈور اور آؤٹ ڈائننگ اجتماعات پر پابندی ہوگی، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی، کھیل اور تفریحی سرگرمیاں ممنوع ہوں گی،

این سی او سی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نے پنجاب، کے پی اور آئی سی ٹی کے 24 ہائی ڈیزیز اضلاع میں 12 ستمبر تک نافذ کردہ این پی آئی کو 15 ستمبر 21 تک بڑھا دیا گیا ہے جس کا جائزہ 15 ستمبر کو لیا جائے گا۔

یعنی پنجاب اور خیبر پختون خوا میں 12 ستمبر کو کھلنے والے اسکولز اب اس تاریخ کو نہیں کھلیں گے بلکہ 15 ستمبر کو جائزہ اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ ہوگا ان صوبوں کے اسکولز بھی کب کھولے جائیں۔



قبل ازیں وزارت تعلیم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر این سی او سی کو تعلیمی اداروں سے متعلق تین تجاویز ارسال کی تھیں۔

اول تجویز میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی اداروں کو پہلے کی طرح طلباء کی نصف تعداد کے ساتھ کھولا جائے۔ دوسری تجویز یہ تھی کہ تعلیمی ادارے تین دن مکمل بند اور تین دن کھولے جائیں جبکہ تیسری تجویز کیا گیا کہ تمام تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ کے لیے بند کر دیئے جائیں۔

این سی او سی نے اسکول بند کرنے کی تجویز منظور کرتے ہوئے اس حوالے سے احکامات جاری کردیے ہیں۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا فیصلے کے خلاف ردعمل

دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ اساتذہ کی ویکسی نیشن کے باوجود تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں، ملک بھر کے کنٹونمنٹس ایریاز میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔

ملک ابرار حسین نے مزید کہا کہ باقی شعبہ جات کھول کر صرف تعلیمی اداروں کو بند رکھنا زیادتی ہے، وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف نوٹس لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں