سدھارتھ شکلا کے بعد ایک اور بگ باس کھلاڑی کی موت کی خبریں وائرل

ایک فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سپنا چوہدری ٹریفک حادثے کا شکار ہوکر چل بسیں

ایک فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سپنا چوہدری ٹریفک حادثے کا شکار ہوکر چل بسیں فوٹوفائل

بھارتی رئیلیٹی شو باگ باس 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد بگ باس کی ایک اور سابق کھلاڑی سپنا چوہدری کی موت کی خبریں وائرل ہورہی ہیں۔

رواں ماہ کی ابتدا میں بالی ووڈ کے معروف اداکار اور بگ باس 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا کی دل کے دورے کے باعث اچانک موت کی خبر نے ان کے مداحوں اور پوری بالی ووڈ انڈسٹری کو صدمے میں مبتلا کردیا تھا۔ سدھارتھ شکلا کے بعد بگ باس کی ایک اور سابق کھلاڑی اور بھارتی ریاست ہریانہ کی گلوکارہ و ڈانسر سپنا چوہدری کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کی خبر نے لوگوں کو پریشان کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار سدھارتھ شُکلا دل کے دورے کے باعث چل بسے

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے سرسا میں سپنا چوہدری ایک ٹریفک حادثے کا شکار ہوکر چل بسیں۔ یہ خبر منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور جہاں لوگ سپنا چوہدری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے لگے وہیں اس خبر نے سوشل میڈیا پر افراتفری مچادی۔


لیکن اب مختلف بھارتی ذرائع ابلاغ میں گلوکارہ سپنا چوہدری کی موت کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سپنا چوہدری کی موت کی خبریں جعلی ہیں اور وہ اُن تمام فنکاروں کی طرح جھوٹی موت کی خبروں کا شکار ہوئی ہیں جو اس سے قبل اکثر اس طرح کی جھوٹی خبروں کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔ اپنی موت کی خبر وائرل ہونے کے بعد سپنا چوہدری نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک نئی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس سے ظاہرہوتا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک اور خیریت سے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکار سدھارتھ شکلا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظرعام پر آگئی

میڈیا رپورٹس کے مطابق دراصل ایک اور گلوکارہ پریتی جو کہ 'جونیئر سپنا' کے نام سے مشہور ہے وہ ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوئی ہے اور نام میں مماثلت کی وجہ سے گلوکارہ سپنا چوہدری کی جعلی موت کی خبریں وائرل ہوگئیں۔

واضح رہے کہ بگ باس میں انٹری سے قبل سپنا چوہدری ہریانہ کی ایک معمولی ڈانسر تھیں لیکن بگ باس سیزن 10 میں آنے کے بعد انہیں غیر معمولی شہرت ملی۔ آج سپنا چوہدری بھارت کی مشہور شخصیت بن چکی ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا پر 3.4 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔
Load Next Story