اداکارہ کنگنا رناوت نے سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا

لوگوں نے مجھے سیاست میں آنے کے لیے کہا اور میری حمایت کی تو میں یقیناً سیاست میں قدم رکھوں گی، اداکارہ


ویب ڈیسک September 10, 2021
لوگوں نے مجھے سیاست میں آنے کے لیے کہا اور میری حمایت کی تو میں یقیناً سیاست میں قدم رکھوں گی، اداکارہ - فوٹو:فائل

معروف بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک مرتبہ پھر اپنے ایک بیان سے میڈیا کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ کنگنا رناوت نے اس بار سیاست میں آنے سے متعلق بیان دیا ہے۔

اداکارہ کنگنا رناوت کی نئی فلم 'تھالے وی' کل بھارت میں ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔ فلم میں اداکارہ نے تمل ناڈو کی سابقہ وزیر اعلیٰ جے للتا کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم پروڈیوسر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اداکارہ نے متعدد سوالوں کے جواب دیے۔

پریس کانفرنس میں کنگنا رناوت کی آواز دھیمی تھی۔ صحافی کے پوچھنے پر اداکارہ نے بتایا کہ مجھے کورونا وائرس نہیں ہوا، سرد موسم کی وجہ سے گلا بیٹھ گیا ہے۔

کنگنا رناوت نے بتایا کہ فلم جے جے للتا کی زندگی پر مبنی ہے اور یہ بلکل نہ سمجھا جائے کہ اس کے ذریعے لوگوں کی سوچ بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اس فلم میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ایک شخص جس کے بارے میں تصور کیا جاتا ہے کہ وہ کبھی سیاست دان نہیں بن سکتا یا اس میں اہلیت نہیں، وہ صرف وزیراعلیٰ ہی نہیں بنتا بلکہ متعدد بار انتخابات میں کامیاب بھی ہوتا ہے۔ اس فلم کی کہانی یہ دکھاتی ہے کہ کیسے مرد حضرات زندگی میں خواتین کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کنگنا رناوت فلم کی پروموشن میں رکاوٹ پر انسٹاگرام پر برہم

فلم 'تھالے وی' کے متنازع نہ ہونے کی وجہ پوچھنے پر کنگنا رناوت نے بتایا کہ اس کا سہرا ہدایت کار کے سر جاتا ہے جنہوں نے کافی محنت کی ہے، موجودہ بھارتی حکومت نے بھی اس فلم پر کوئی اعتراضات نہیں اٹھائے۔

کنگنا رناوت نے بتایا کہ کیسے اس فلم میں کام کرنے کے بعد سیاست اور سیاستدانوں سے متعلق ان کی سوچ بدل گئی۔ اداکارہ نے کہا کہ فلم میں کام کرنے سے قبل میرا یہ گمان تھا کہ جو شخص سیاست دان بن جائے وہ بااثر ہوتا ہے لیکن فلم بنانے اور ریسرچ کرنے کے بعد مجھ پر یہ عیاں ہوگیا کہ سیاست کرنا آسان نہیں، سیاستدانوں کو کئی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

پریس کانفرنس میں ان سے سیاست میں انٹری کے بارے میں سوال کیا گیا تو کنگنا رناوت نے جواب دیا کہ میں ایک قوم پرست ہوں، میں ملک کے لیے ہمیشہ بحیثیت ایک ذمہ داری شہری بات کرتی ہوں، جہاں تک سیاست میں آنے کی بات ہے تو مجھے اس کے لیے عوام کی زیادہ حمایت درکار ہوگی مگر اس وقت میں بحیثیت اداکارہ بہت خوش ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ کل کلاں لوگوں نے مجھے سیاست میں آنے کے لیے کہا اور میری حمایت کی تو میں یقیناً سیاست میں قدم رکھوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں