چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات

چیف الیکشن کمشنر نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں، فواد چوہدری کی وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس


ویب ڈیسک September 10, 2021
چیف الیکشن کمشنر نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔

فواد چوہدری نے بابر اعوان اور اعظم سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی عجیب منطق ہے کہ پارلیمنٹ ان کی رہنمائی نہیں کرسکتی کہ الیکشن کیسے کرانا ہے، درحقیقت سارا الیکشن کمیشن نہیں صرف چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن تنازعات کی زد میں رہتا ہے، الیکشن کمیشن اس وقت اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹرز بن گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے سیاست کرنی ہے تو استعفے دے کر الیکشن لڑلیں، ہمیں چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں، وہ اپنے رویے پر نظرثانی کریں، چھوٹی چھوٹی جماعتوں کے آلہ کار نہ بنیں بلکہ ادارے کا سربراہ بنیں، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر سیاست کی اور احمقانہ اعتراضات لگائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے، انتخابی اصلاحات کا مسودہ پارلیمان میں لے کر گئے ، اپوزیشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین شفاف الیکشن کرانے کا بہترین طریقہ ہے، اپوزیشن جہاں بھی الیکشن ہارتی ہے توکہتی ہے دھاندلی ہوئی، ن لیگ کے رہنما الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق قانونی ترمیم متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

مشیرپارلیمانی امور بابراعوان نے کہا کہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ کا حق دینے کے بلز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کریں گے، 13ستمبرکوپارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن بلارہے ہیں، اگلے روز قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے، جس میں الیکشن بل ریفرکردیں گے، پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن ارکان نے واک آؤٹ کیا، گزشتہ سال اکتوبرمیں الیکشن بل پیش کیے تھے، الیکشن کمیشن ارکان کےسامنےسوال رکھنے تھے وہ اٹھ کرچلے گئے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے ذریعے صاف شفاف الیکشن نہیں چاہتا، کمیشن مکمل طور پر اپوزیشن کے ساتھ ملا ہوا ہے ،اور ایک فریق کے طور پر ہمارے سامنے آچکا ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر شبلی فراز نے بھی رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اور الیکشن کمیشن چاہے جو کہیں آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہونگے، کمیٹی سے مسترد بل پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس سے پاس کرائینگے، الیکشن کمیشن نے اپنے کردار کو مشکوک کیا ہے، ای وی ایم سے متعلق تکنیکی افراد کو چیلنج کرتے ہیں جو اسے ہیک کر سکے اسے دس لاکھ روپے دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |