سیاہ ویگو میں سوار، پولیس وردی میں ملبوس، شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث پولیس اہل کار کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے شہریوں کے اغوا اور لوٹ مار میں ملوث پولیس اہل کار کو گرفتار کرلیا جسے متاثرہ شہریوں نے شناخت بھی کرلیا۔
ایس ایچ او گلشن اقبال صابر خٹک نے بتایا کہ پولیس اہلکار عثمان اکبر ولد علی اکبر ایسٹ ہیڈ کوارٹرز میں تعینات ہے، 26 اگست کو مبارک شاہ نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 1101/21 بجرم دفعہ 365/اے کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمہ میں مدعی نے بتایا کہ گلشن اقبال تیرہ ڈی میں اس کے دوست شیراز کو وسیم نامی شخص نے فون کرکے بلوایا کہ مبارک کو بھی ساتھ لے کر پہنچے، اسے کوئی کام ہے لیکن جب وہ لوگ وہاں پہنچے اور کافی دیر تک اس نے کوئی کام کی بات نہیں کی تو وہ لوگ واپس جانے لگے۔
اسی دوران سیاہ رنگ کی ویگو آئی جس میں سے چار مسلح افراد اترے اور ایک شخص پولیس یونیفارم میں تھا، مجھے زبردستی گاڑی میں بٹھایا اور میرے دوست کو میرے موبائل سے فون کیا اور تیس لاکھ روپے طلب کیے اور بعدازاں بیس ہزار روپے لے کر مجھے چھوڑ دیا۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ اس کے بعد 31 اگست کو شہری غیاث الدین کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 1100/21 بجرم دفعہ 397/34 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
مدعی کے مطابق اس کی گلشن اقبال تیرہ ڈی میں دکان پر چار مسلح افراد آئے جس میں سے دو پولیس یونیفارم میں تھے اور اس کی دکان سے سوا لاکھ روپے نقد اور چار لاکھ روپے مالیت کا سامان لوٹا اور سیاہ ویگو گاڑی میں بھرا، جب میں نے مزاحمت کی تو مجھے بھی آنکھوں پر پٹی باندھ کر گاڑی میں بٹھالیا، بعدازاں ناتھا خان کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ دونوں مقدمات میں مدعیان نے پولیس اہلکار کو پہچان لیا، کیس کی قانونی کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔