دفاترکی آلودہ ہوا ملازمین کی دماغی صلاحیت متاثر کررہی ہے

کسی بھی دفتر میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پی ایم 2.5 کی زائد مقدار سے ملازمین کی ذہنی صلاحیتیں ماند پڑجاتی ہیں

ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کی رو سے دفاتر کی آلودہ اور متاثرہ ہوا کارکنوں کی دماغی صلاحیت کو متاثرکرسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

دفاتر کی آلودہ اور غیرمعیاری فضا سے وہاں کام کرنے والے افراد کی دماغی صلاحیت پر برے اثرات مرتب ہورہےہیں اور ان کی دماغی اور ذہنی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔

ان میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پی ایم 2.5 کی غیرمعمولی بڑھی ہوئی مقدار ذہانت اور دماغی ٹیسٹ میں ان کی درستگی کو متاثرکرتی ہے اور اس کا اثر دفاتر کی کارکردگی پر بھی ہوتا ہے۔ تحقیق کی روشنی میں کہا گیا ہے کہ دفاتر کی اندرونی ہوا کا معیار بہتر بنانا بہت ضروری ہے تاکہ تازہ ہوا کی آمدورفت جاری رہے۔

ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول برائے عوامی صحت نے پہلی مرتبہ دفاتر اور اداروں کی فضائی کیفیات کے درمیانی تعلقات دریافت کیا ہے۔ اس بڑے مطالعے میں کئی ممالک نے حصہ لیا ہے۔ دفاترمیں ہوا کی آمدورفت اور معلق ذرات کے درمیان تعلق سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ کارکنوں کی دماغی صلاحیت کو متاثر کررہے ہیں جس کی تصدیق کئی مروجہ ٹیسٹ سے بھی ہوئی ہے۔

اس سے قبل جو بھی تحقیق ہوئی ہے اس میں باہر کی فضائی آلودگی اور دماغی صلاحیت پر ان کے اثرات پر غور ہوا ہے لیکن بند کمروں میں ہوا پر کسی نے غور نہیں کیا تھا۔ اس تحقیق میں 300 افراد کو شامل کرکے ایک سال تک تحقیق کی گئی اور دنیا کے چھ ممالک میں 40 عمارات سے ڈیٹا لیا گیا۔


ہردفتر میں کئی اقسام کے سینسر لگائے جو اسی وقت پی ایم 2.5، کاربن ڈائی آکسائیڈ، درجہ حرارت اور نمی وغیرہ نوٹ کرتے رہے تھے۔ جیسے ہی دفاتر میں پی ایم 2.5 نامی ذرات اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح ایک خاص پیمانے سے اوپر پہنچی تو اسمارٹ فون پر ایک پیغام پہنچا جس میں دماغی صلاحیت والے ایک چھوٹے سے گیم یا ٹیسٹ پورا کرنے کو کہا گیا۔

عام طور پر جب جب دفاتر میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پی ایم 2.5 کی مقدار بڑھی اکثر شرکا نے ٹیسٹ میں اپنا ردِ عمل دیر میں درج کروایا۔ ان میں الفاظ کو پہچاننے کا ایک ٹیسٹ تھا جس میں رنگوں کے وجہ سے الفاظ کو پہچاننے کے لیے غور کرنا پڑتا تھا۔ یہ ٹیسٹ اس وقت خراب واقع ہوا جب دفتر کے ماحول میں یہ دو آلودگیوں کا عروج تھا۔

تحقیقی کے سربراہ ہوزے گیولرمو سیڈانو نے کہا کہ پی ایم 2.5 اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح بڑھنے کے فوراً بعد ہی اکتسابی (کوگنیشن) صلاحیت میں یکدم تیزی سے کمی آجاتی ہے۔ اس لئے دفاتر میں ہوا کا مسلسل بہاؤ بہت ضروری ہے جوعمومی صحت اور دماغ دونوں کے لیے ہی مضر ہوتی ہے۔

سائنسدانوں نے کہا ہے کہ کووڈ وبا کے تناظر میں بھی گھروں اور دفاتر میں تازہ ہوا کی آمدورفت کی بہت ضروری ہے۔ اگر ادارے اپنے ملازموں کی صلاحیت بڑھانا چاہتے ہیں تو انہیں چھت کے نیچے ہوا کا معیار بڑھانا ہوگا۔
Load Next Story