امریکا نے ڈرون حملے میں داعش کے بجائے افغان امدادی کارکن اور بچوں کو نشانہ بنادیا

امریکی فوج نے پانی کے کین کو بارود قرار دے کر 7 بچوں سمیت 10 بے گناہ افغان شہریوں کی جان لے لی


ویب ڈیسک September 11, 2021
امریکی فوج نے پانی کے کین کو بارود قرار دے کر 7 بچوں سمیت 10 بے گناہ افغان شہریوں کی جان لے لی

امریکا نے افغانستان میں انخلا سے قبل اپنے آخری ڈرون حملے میں بھی بے گناہ شہریوں کی جان لے لی۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے افغان دارالحکومت کابل میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے دہشت گرد کی ہلاکت کے دعوے کو پنٹاگون اور سی آئی اے کا سفید جھوٹا قرار دے دیا۔

26 اگست کو کابل ایئرپورٹ پر خودکش بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد 28 اگست کو امریکا نے کابل کے گنجان آبادی والے محلے میں ایک گھر کے باہر کھڑی گاڑی پر ڈرون حملہ کرکے داعش کے دہشت گرد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔

اس ڈرون حملے میں 7 بچوں سمیت 10 افراد شہید ہوئے تھے۔ شہید بچوں میں 7 سالہ فرزاد، 3 سالہ ملیکہ، 10 سالہ فیصل، 2 سالہ آیت، 3 سالہ بن یامین، 4 سالہ ارمین اور 2 سالہ سمیہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے افراد عام شہری نکلے

امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا اس گاڑی میں بارود سے بھرے کین موجود تھے اور جاں بحق شخص امریکی فوجیوں پر حملہ کرنے والا تھا۔ امریکی فوج نے اس گاڑی کو فوری خطرہ قرار دے کر اس پر ڈرون حملہ کردیا۔

تاہم نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ڈرون کا نشانہ بننے والی گاڑی افغان الیکٹریکل انجینئر زیماری احمدی کی تھی جو کام سے گھر لوٹا تھا اور امریکی این جی او نیوٹریشن اینڈ ایجوکیشن انٹرنیشنل کا ملازم تھا۔ زیماری نے امریکا میں پناہ گزین بننے کیلیے درخواست بھی دی تھی۔ زیماری احمدی کیلیفورنیا کی امدادی تنظیم کے لیے کام کرتا تھا اور فلاحی کاموں کے باعث اہل علاقہ میں بہت مقبول تھا۔

وہ اپنے تین بھائیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ رہتا تھا اور اپنی موت سے قبل اس نے ایک علاقے میں جاکر بچوں میں خوراک بھی تقسیم کی تھی۔ جوں ہی وہ پانی لے کر اپنے گھر کے احاطے میں داخل ہوا تو اس کے بچے، بھتیجے بھتیجیاں اس سے ملنے اس کی طرف لپکے ہی تھے کہ ان پر قیامت ٹوٹ پڑی اور فضا خون آلود ہوگئی۔ ڈرون حملے کے بعد ہر طرف قیامت کا منظر تھا اور بچوں کے کٹے پھٹے اعضا بکھرے پڑے تھے۔ ایک گھر کے 10 جنازے ایک ساتھ اٹھنے پر ہر آنکھ اشک بار ہوگئی اور پرسوز مناظر دیکھے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں کابل ایئرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک

امریکی فوج نے کہا کہ زیماری احمدی سفید کار میں سوار تھا جسے 8 گھنٹے تک ڈرون کے ذریعے ٹریک کیا گیا تھا۔ وہ کار دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی تھی۔ لیکن امریکی اخبار نے سیکورٹی کیمرے کی ویڈیوز جاری کیں جس میں پتہ چلا کہ اس کار میں بارود نہیں بلکہ پانی کے کین رکھے تھے جو زیماری اپنے گھر کے لیے لایا تھا۔

https://twitter.com/i/status/1436423489553113107

اپنے اس گھناؤنے اور دہشت گردی پر مبنی حملے کے بعد امریکی فوج کے چیرمین جوانٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی نے وضاحتیں پیش کیں کہ ڈرون حملے کے بعد ایک اور دھماکا ہوا تھا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کار میں بارود تھا، لیکن نیویارک ٹائمز نے حملے کے فورا بعد جائے وقوعہ کے معائنے اور جائزے میں بتایا کہ کوئی دوسرا دھماکا نہیں ہوا تھا۔ ماہرین نے بھی واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ ڈرون حملے کے بعد کوئی دوسرا دھماکہ نہیں ہوا تھا۔

برطانوی سابق فوجی اور سیکیورٹی مشیر کرس کوب اسمتھ نے اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے سے ہدف کو پہچاننے کی امریکی انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں